رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یوم ولادت باسعادت سالار حریت، نواسہ رسول اللہ (ص) حضرت امام حسین (ع) کی مبارک اور پُرمسرت مناسبت پر جموں و کشمیر اتحاد المسلمین کے اہتمام سے گنڈ خواجہ قاسم پٹن میں ایک عظیم الشان محفل میلاد کا انعقاد ہوا، جس میں علماء کرام، دانشور حضرات اور شعراء کرام کے علاوہ فرزندان توحید کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
علماء کرام نے امام حسین (ع) کی حیات طیبہ پر روشنی ڈالی اور امام حسین (ع) کے بتائے ہوئے راستے پر چلنے کی تلقین کی۔ اپنے صدارتی خطاب میں تنظیم کے سربراہ و سینئر حریت رہنما مولانا محمد عباس انصاری نے سردار جوانان جنت امام حسین (ع) کی یوم ولادت باسعادت کی مناسبت پر عالم انسانیت کی خدمت میں مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ امام حسین (ع) کی سیرت کریمہ کی پیروی مظلومین جہاں کی سپر ہے۔
انہوں نے کہا کہ امام حسین (ع) کی مجاہدانہ زندگی عالم انسانیت کے لئے راہ عمل و راہ نجات ہے۔
مولانا عباس انصاری نے کہا کہ آج کے دور میں روئے زمین ظالم و جابر افراد کے وجود سے آلودہ ہوچکی ہے، ہر طرف قتل و غارتگری کا بازار گرم ہے لہذا دنیا کو افکار و نظام حسینی (ع) کی اشد ضرورت ہے تاکہ دور حاضر کے یزیدی نظام کا خاتمہ ہوجائے اور انسانی اقدار کا تحفظ یقینی بن جائے۔
مولانا عباس انصاری نے کشمیر میں جاری حقوق بشری کی کھلم کھلا خلاف ورزیوں پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئے روز تعلیمی اداروں کو مقفل کرنا اور طلباء پر طاقت کا استعمال کرنا انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے اور حکمرانوں کے ایسے حربے مذموم اور افسوسناک عمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ معصوم آصفہ کو انصاف دلانے کے بجائے حکمران اپنی کرسی کی فکر میں لگے ہوئے ہیں اور اس طرح کی حکمرانیت سے انہیں زرا برابر بھی شرمندگی کا احساس نہیں ہو رہا ہے۔/۔۹۸۸/ ن۹۴۰