رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹریس نے کہا ہے کہ ایران اور گروپ 1+5 کے درمیان ہونے والے جوہری معاہدے کو اس کے متبادل کے بغیر ختم کرنا درست نہیں ہے ۔
اطلاعات کے مطابق انتونیوگوٹریس کا کہناتھا کہ اس معاہدے کاخاتمہ یا اس میں تبدیلی بہترین متبادل سامنے آنے تک نہیں ہو سکتی اور یہ فی الحال ممکن نہیں۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے امریکہ پر بھی زور دیا کہ وہ 2015 ءمیں ایران اور6عالمی طاقتوں کے درمیان معاہدے کو ختم نہ کرے اس وقت معاہدہ ختم کرنا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
واضح رہے کہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پمپئو نے اپنے دورہ اسرائیل کے موقع پر اسرائیلی وزیر اعظم نتن یاہو سے ملاقات کے موقع پر کہا تھاکہ امریکی صدر ایران سے جوہری معاہدے کو ختم کرنے پر غور کر رہے ہیں۔
امریکی ذرائع کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ رواں ماہ ایران سے جوہری معاہدے کو برقرار رکھنے یا نہ رکھنے پر فیصلہ کرنےوالے ہیں ۔
ادھر ایران نے بھی واضح کردیا ہے کہ اگر امریکہ مشترکہ ایٹمی معاہدے سے خارج ہوگيا تو ایران بھی اس معاہدے سے نکل جائے گا۔/۹۸۹/ف۹۴۰/