04 June 2018 - 16:31
News ID: 436159
فونت
رہبرکبیر انقلاب اسلامی اور اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ کی رحلت جانگداز کی انتیسویں برسی ایران اور دنیا کے مختلف ملکوں میں انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔
حضرت امام خمینی (رہ)

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آج 4 جون مطابق 19 رمصان المبارک اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ کی رحلت جانگداز کی انتیسویں برسی ہے اسی مناسبت پر ایران سمیت پوری دنیا میں مجالس عزا، سیمیناروں اور کانفرنسوں کا اہتمام کیا گیا جن میں حضرت امام خمینی کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کے جائزے کے ساتھ ہی اسلام کی حیات نو، اسلامی بیداری، مسلم اقوام کو اسلامی تشخص دلانے اور اتحاد بین المسلمین میں ان کے کردار پر روشنی ڈالی گئی اور یہ بدستور سلسلہ جاری ہے۔

انتیس سال قبل ایرانی کلینڈر کی تاریخ چودہ خرداد مطابق چار جون انیس سو نواسی کو رہبر کبیر انقلاب اسلامی اور اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی نے جد وجہد سے بھرپور اپنی ستاسی سالہ حیات پوری کرنے کے بعد داعی اجل کو لبیک کہا اور خالق حقیقی سے جا ملے ۔

حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ نے شاہ کی ظالم حکومت اور ایران میں امریکی مداخلت کے خلاف اپنی جد وجہد انیس سو ترسٹھ میں شروع کی اور شاہی حکومت نے انہیں ترکی جلاوطن کردیا اور پھر اس کے بعد عراق جلا وطن کردیئے گئے۔

 حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ عراق میں اپنی تیرہ سالہ جلاوطنی کے دوران بڑی تعداد میں شاگردوں کی تربیت کرنے کے ساتھ ساتھ ایران میں مسلط ظالم شاہی حکومت کی فاسد ماہیت اور ایران میں امریکی مداخلت اور سامراجی طاقتوں کے عزائم کا پردہ چاک کرتے رہے اور اس عرصے میں انہوں نے وقفے وقفے سے اعلامئے اور بیانات جاری کرکے اسلامی انقلاب کی کامیابی کے لئے راہ ہموار کی۔  بالآخر ایران میں اسلامی انقلاب کی تحریک زور پکڑنے، حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ کو عراق سے فرانس جلا وطن کردیئے جانے اور پھر فرانس سے ان کی فاتحانہ انداز میں وطن واپسی کے بعد گیارہ فروری انیس سو اناسی کو اسلامی انقلاب ایک طویل جد و جہد کے نتیجے میں کامیابی سے ہمکنار ہوا۔

اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد بڑی طاقتوں اور ملکی اور غیر ملکی دشمنوں کی سازشوں منجملہ عراق کی بعثی حکومت کے ذریعے ایران پر مسلط کی گئی آٹھ سالہ جنگ کے باوجود حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ نے اس دور کے انتہائی سخت اور دشوار حالات میں پوری درایت اور شجاعت کے ساتھ ایرانی عوام کی قیادت اور رہبری کی۔

امام خمینی رحمت اللہ علیہ کی انتیسویں برسی کی مناسبت سے آج پیر کی شام ان کے حرم مطہر میں ایک بہت بڑا عوامی اجتماع منعقد ہوگا جس میں ایران اور دنیا کے مختلف ملکوں سے تعلق رکھنے والے عقیدت مندوں کی بہت بڑی تعداد شریک ہوگی اور اس عظیم اجتماع اور برسی کے پروگرام سے رہبرانقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای خطاب فرمائیں گے۔

حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ کی برسی کی مناسبت سے پاکستان، ہندوستان، عراق، شام، لبنان، ایشیا، افریقا، یورپ اور امریکا کے بہت سے ملکوں میں بھی مجالس ، تعزیتی جلسوں، سیمیناروں اور کانفرنسوں کا سلسلہ جاری ہے۔

سحر عالمی نیٹ ورک بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ کی رحلت جاں گداز کی مناسبت سے اپنے تمام سامعین، ناظرین، کرم فرماوں اور آپ کے چاہنے والوں کی خدمت میں دلی تعزیت و تسلیت پیش کرتا ہے۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰

 

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬