رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مسلم لیگ (ن) کے رہنماء اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ جتنی پیشیاں میاں نواز شریف نے دیں ہیں، وہ دنیا میں کسی بھی وزیراعظم نے نہیں دیں، ضمانت میاں نواز شریف کا حق ہے۔
میاں محمد نواز شریف علاج باہر سے کرائیں گے یا نہیں، پہلے ضمانت ہونے دیں، میاں محمد نواز شریف کو اگر نہ آنا ہوتا، تو پہلے لندن سے کیوں واپس آتے،پوی قوم سانحہ نیوزی لینڈ پر افسردہ ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیوزی لینڈ میں مسجد میں فائرنگ سے شہید ہونے والے سید اریب احمد کی رہائش گاہ فیڈرل بی ایریا کراچی میں انکے اہل خانہ سے تعزیت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
محمد زبیر نے کہا کہ سانحہ نیوزی لینڈ نے ثابت کیا کہ دہشتگردی بین الاقوامی مسئلہ ہے، اس کا تعلق کسی مذہب سے نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی جہاں بہت زیادہ دہشتگردی تھی، وہ ختم ہوگئی، لیکن نیوزی لینڈ کے پُرامن شہر میں دہشتگردی ہوگئی۔
محمد زبیر نے کہا کہ پی ایس ایل کا انعقاد اچھی بات ہے، لیکن اختتامی تقریب میں میوزک نہیں ہونی چاہیے تھی۔ /۹۸۸/ ن