رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر امتِ واحدہ پاکستان کے سربراہ علامہ محمد امین شہیدی نے مقبوضہ کشمیر کی عوام کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 5 فروری بھارت کے جموں و کشمیر پر غاصبانہ قبضے کے خلاف کشمیری عوام کی جدوجہد کا دن ہے، جسے تاریخ میں مزاحمت کی علامت کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔
5 فروری 1990ء کو شروع ہونے والی کشمیری عوام کی تحریک آزادی کو کچلنے کے لئے بھارتی حکومتوں نے مختلف ہتھکنڈے آزمائے، لیکن یہ تحریک آج بھی اسی ولولے کے ساتھ جاری ہے اور جدید ہتھیاروں سے لیس نو لاکھ سے زائد بھارتی فوج کشمیری عوام کے جذبہ حریت کے سامنے بے بس اور ناکام ہوگئی ہے۔
جموں و کشمیر کی خود مختار حیثیت کو ختم کرنے اور شہری قانون کے متنازع بل کی منظوری کے بعد اقوامِ عالم پر بھارتی جنتا پارٹی کی متعصب پالیسی آشکار ہوگئی ہے اور نریندر مودی بطور سیاسی رہنماء بھارتی عوام پر اپنا اعتماد کھوچکے ہیں۔
ان غیر متوازن اقدامات نے تحریک آزادی کشمیر کو ایک نیا رُخ دیا ہے اور یہ تحریک اپنے ہدف سے قریب تر ہوتی نظر آرہی ہے۔ پوری پاکستانی قوم کشمیری عوام کی مقاومتی جدوجہد کی مکمل حمایت کرتی ہے اور ان کی کامیابی کے لئے دعاگو ہے۔/