رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر اور نائب صدر متحدہ مجلس عمل پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ عالمی دہشتگرد امریکہ ہے جس نے اپنے شیطانی ایجنڈے کیلئے دنیا کو تختہ مشق بنایا ہوا ہے، ڈونلڈ ٹرمپ اسلام اور مسلمانوں کی دشمنی میں پاگل ہو چکا ہے، افغانستان میں بحران کا ذمہ دار امریکہ اور نیٹو فورسز ہیں، جنہیں کوئی روکنے والا نہیں۔
انہوں نے کہا کہک امریکہ اپنی مرضی کے مطابق دنیا کو چلانا چاہتا ہے، افغانستان کو فی الفور چھوڑ دینا ہی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مفاد میں ہے، امریکی تسلط افغانستان میں سیاسی بحران اور عدم استحکام کا باعث بن رہا ہے، جس امن معاہدے پر امریکہ اور طالبان بغلیں بجاتے تھے، اسے افغان صدر اشرف غنی کی طرف سے ابہام پیدا کرنے کی وجہ سے فریقین میں بداعتمادی اور افغانستان میں بدامنی پیدا ہوئی۔
لاہور میں جے یو پی کی میڈیا ٹیم سے گفتگو میں پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ جس ملک کا 40 فیصد حصہ حکومت اور 60 فیصد طالبان کے پاس ہو وہاں امن و امان کی صورتحال کیسی ہو گی؟ حزب وحدت اسلامی کے رہنما مولانا عبدالعلی مزاری کی برسی کے موقع پر چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ اور کریم خلیلی کی موجودگی میں اجتماع پر حملے کے نتیجے میں 30 سے زائد افراد کی شہادت افسوسناک اور قابل مذمت ہے، حیرت ہے کہ ایک ہی ملک میں دو صدور اشرف غنی اور عبداللہ عبداللہ کی وجہ سے محاذ آرائی کا باعث بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت افغانستان عمل کرنے کی پوزیشن میں نہیں، افغانستان میں حکومت، گورننس کیساتھ صدارتی انتخابات بھی کنٹرولڈ ہوئے، جس کی وجہ سے اپوزیشن کے امیدوار عبداللہ عبداللہ نے نتائج کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا اور یہ بحران آنیوالے دنوں میں مزید شدت اختیار کرے گا۔/