رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں فلسطین کے سفیر ریاض منصور نے سلامتی کونسل کے آن لائن اجلاس میں غاصب صیہونی ٹولے کے نام کو انسانی حقوق پامال کرنے والوں کی فہرست میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی بچوں کے خلاف سسٹمیٹک اور مستقل بنیادوں پر انجام پانے والے جرائم اور فلسطینی نسل کو نشانہ بنانے والی غیراخلاقی پالیسیوں کے سبب غاصب صیہونی ٹولے کو بلیک لسٹ کیا جائے۔
فلسطین کے نمائندے نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے نام اپنے بیان میں اس بات پر بھی ناراضگی ظاہر کی کہ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل گوتریش نے آخر کیوں، بچوں کے خلاف مجرمانہ اقدامات انجام دینے والی غاصب صیہونی حکومت کا نام انسانی حقوق کو پامال کرنے والی لسٹ میں درج نہیں کیا۔
اس اجلاس کو عرب لیگ کے سربراہ ابو الغیظ نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ عرب لیگ کا خیال ہے کہ غرب اردن کے علاقوں کو ہتھیائے جانے سے علاقائی امن و صلح کے لئے خطرات پیدا ہو جائیں گے اور یہ اقدام انتہا پسندی کی آگ کو ہوا دینے کے مترادف ہے۔
خیال رہے کہ سلامتی کونسل کا یہ اجلاس فلسطین کی صورتحال بالخصوص مغربی کنارے کے بعض علاقوں کو مقبوضہ علاقوں میں شامل کرنے والے صیہونی منصوبے کا جائزہ لینے کے لئے بلایا گیا تھا۔