08 July 2020 - 11:56
News ID: 443107
فونت
علامہ عارف واحدی:
اپنے ایک بیان میں ایس یو سی کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس مسئلے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے قانون اور انصاف کے تقاضوں کو مدنظر رکھ کر اس معاملے کو حل کر کے پاراچنار میں قیام امن کیلئے فوری اقدامات کو یقینی بنائے۔

شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے پاراچنار میں ہونے والی قبائلی جھڑپوں کو امن و امان کی فضا سبوتاژ کرنے کی مذموم کوشش قرار دیتے ہوئے ان واقعات میں ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ان خونی جھڑپوں کے تدارک کیلئے فوری اقدامات کر کے عوام کے جانی و مالی تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

اپنے ایک بیان میں علامہ عارف حسین واحدی نے واضح کیا کہ اس قبائلی تنازعہ کے باعث اتحاد بین المسلمین کی قائم فضا کو مقدور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جو کہ امن و امان کے قیام کیلئے بھی کیے جانے والے اقدامات کو سبوتاژ کرنے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ اطلاعات کے مطابق اگر مقامی انتظامیہ سنجیدگی کا مظاہرہ کرتی تو ایسے واقعات رونما نہ ہوتے اور صورتحال اتنی گھمبیر نہ ہوتی۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس مسئلے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے قانون اور انصاف کے تقاضوں کو مدنظر رکھ کر اس معاملے کو حل کر کے پاراچنار میں قیام امن کیلئے فوری اقدامات کو یقینی بنائے۔

علامہ عارف حسین واحدی نے مزید کہا کہ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی ہدایت پر پاراچنار کے مسئلے کے حل کیلئے بھرپور کاوشیں کی جا رہی ہیں اور امید ہے حکومت اس معاملے پر فوری اقدامات کر کے عوام کے جانی و مالی تحفظ کو یقینی بنائے گی۔

انہوں نے کہا کہ قائد محترم نے حالیہ جھڑپوں میں شہید ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے تعزیت اور زخمیوں کی صحت یابی کیلئے دعا بھی فرمائی ہے۔/۹۸۸/ن

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬