رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین کی مرکزی عزاداری کونسل کا اہم آن لائن اجلاس 7 جولائی کو منعقد ہوا۔ جس میں چیئرمین مرکزی کونسل پاکستان ملک اقرار حسین و ڈپٹی چیئرمین علامہ مقصود علی ڈومکی، مرکزی کوآرڈینیٹرز برائے صوبہ سندھ و جنوبی پنجاب سید علی حسین نقوی، سلیم صدیقیٍ، مرکزی کوآرڈینیٹرز برائے وفاقی دارالحکومت ارشاد بنگش و علامہ ضیغم عباس نے شرکت کی۔
مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے عزاداری سید الشہداء (ع) کے مقام و منزلت پہ خصوصی گفتگو کی۔ مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر عباس شیرازی نے حالات حاضرہ پر روشنی ڈالتے ہوئے پاراچنار کے ایشو پہ تفصیلی بریفنگ دی، نیز عزاداری کے حوالے مرکز کی پالیسی کے خطوط پہ بات چیت کی۔ مرکزی کوآرڈینیٹر برائے سندھ و جنوبی پنجاب نے اپنے اپنے صوبے کے مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں طے پایا کہ 15 جولائی تک مرکز کی طرز پر صوبائی عزاداری کونسلز کا قیام عمل میں لایا جائے گا اور ضلعی سطح تک عزاداری کونسلز تشکیل دی جائیں گی۔ ملک بھر میں بانیان مجالس، انجمنوں اور ٹرسٹوں کے عہدیداران اور لائسنسداران سے رابطے کئے جائیں گے اور عزاداری کے تمام سٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ لیا جائے گا۔
صوبائی وزرائے اعلیٰ، صوبائی سیکرٹری داخلہ اور انتظامی اداروں سے میٹنگ کو شیڈول کرتے ہوئے مسائل کے حل کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ مرکزی، صوبائی اور ضلعی سطح پر عزاداری کونسل کی طرف سے پریس کانفرنسز، پریس ریلیز اور سوشل میڈیا بریفنگز کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔ 30 جولائی تک ملک بھر میں کسی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ڈی سی، آئی جی، ڈی آئی جی، آر پی او اور ڈی پی او سمیت تمام اہم انتظامی رابطہ نمبرز کو جمع کرکے مرکز و صوبہ کو ارسال کئے جائیں گے۔
اس کے علاوہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مجلس وحدت مسلمین کی مرکزی کابینہ کے اہم عہدیداران کی شمولیت کے ساتھ مرکزی عزاداری کونسل کا اجلاس ہر دس دن بعد منعقد ہوگا۔ محرم سے دس دن قبل اپنی مدد آپ کے تحت صوبائی و ضلعی سطح پر جس طرح اور جہاں بھی ممکن ہو، تحفظ عزاداری کانفرنسز کے انعقاد کی کوشش کی جائے گی۔ عزاداری سیدالشہدا (ع) پر کسی بھی غیر آئینی پابندی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور عزاداری سیدالشہدا (ع) کے فروغ کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔/۹۸۸/ ن