رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تمام مسالک نے متفقہ طور پر سندس فاونڈیشن جو عرصہ 23 سال سے تھلیسمییا اور ہیموفیلیا کے مرض میں مبتلا معصوم بچوں اور بچیوں کا فی سبیل علاج کر رہے ہیں کے بارے کہا ہے کہ عہد کورونا میں جو پابندیاں حج اور عمرہ پر لگی ہیں ایسے حالات میں جو لوگ نفلی حج اور عمرہ پر جانا چاہتے تھے لیکن پابندیوں کی وجہ سے نہیں جا سکے وہ اپنی رقم سندس فاﺅنڈیشن کے مریضوں کیلئے وقف کر سکتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار چیئرمین تنظیم اتحاد اُمت پاکستان اور کوآرڈینیٹر متحدہ علماء بورڈ حکومت پنجاب پیر محمد ضیاءالحق نقشبندی نے لاہور پریس کلب میں مفتیان کرام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ فرض حج پر جانیوالے خواتین و مرد بھی واپس ہونیوالی ساری رقم اور کچھ رقم ان مریضوں کو دے سکتے ہیں لیکن فرض حج اپنی جگہ برقرار رہے گا، اگر اللہ نے آئندہ توفیق دی تو پھر فرض حج کریں۔ جن حضرات کی اس سال حج بیت اللہ کی تیاری تھی لیکن کورونا وائرس پابندیوں کی وجہ سے حج پر نہیں جا سکے وہ حج کیلئے جمع شدہ رقم سندس فاﺅنڈیشن میں زیرعلاج غریبوں مسکینوں پر خرچ کریں اور یہ عمل اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کا سبب بنے گا اور پھر اگلے سال توفیق ہوئی تو حج کر لیں۔
انہوں نے کہا کہ حج کا مقصد اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کرنا ہوتا ہے اور مجبور و ضرورت مند بندوں کی ضرورتوں کو پورا کرنے سے اللہ تعالیٰ بہت راضی ہوتا ہے، دین اسلام عالمگیر مذہب ہے یہ ہر انسان کے حقوق کا تحفظ کرتا ہے خصوصی طور پر مجبور بے آسرا انسانوں کے حقوق پورے کرنے اور ان سے تعاون کا تاکیدی حکم دیتا ہے، دین اسلام میں خدمت خلق کو بڑی اہمیت حاصل ہے، اللہ تعالیٰ کی رضا و خوشنودی کا بہترین ذریعہ دکھی انسانیت کی خدمت کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تنظیم اتحاد امت پاکستان کے شریعہ بورڈ کے مفتیان کرام اور لاہور کراچی راولپنڈی اور اسلام آباد کے تمام مسالک کے بڑے مدارس کے دارالافتاء اور مہتمم جن میں جامعہ نعیمیہ لاہور کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، جامعہ اشرفیہ لاہور کے مہتمم مولانا فضل الرحیم اشرفی، جامعہ المنتظر کے علامہ نیاز حسین نقوی، متحدہ علماء بورڈ حکومت پنجاب کے چیئرمین مولانا طاہر محمود اشرفی، جامعہ رضویہ ماڈل ٹاون لاہور کے مہتمم مفتی محمد وحید سرور قادری، جامعہ احتشامیہ کراچی کے بانی سینیٹر علامہ تنویر الحق تھانوی، جامعة العالمی سواد اعظم حقیقی کراچی کے سربراہ علامہ کوکب نورانی اوکاڑوی، جامعہ اہلحدیث لاہور مولانا عبدالوہاب روپڑی، جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر علامہ حافظ زبیر ظہیر، جامعة الصفہ کراچی کے مفتی محمد زبیر، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے علامہ سید قنبر عباس نقوی کراچی، ممتاز اہل حدیث عالم دین اور مدیر کلیة البنات العربیہ کراچی ڈاکٹر عامر عبداللہ محمدی، جامعہ نعیمیہ اسلام آباد کے پرنسپل مفتی گلزار احمد نعیمی، اہل تشیع عالم دین اور مجلس وحدت مسلمین کے جنرل سیکرٹری علامہ راجہ ناصر عباس اسلام آباد، شیعہ عالم دین اور امت واحدہ کے سربراہ علامہ محمد امین شہیدی اسلام آباد، سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل پاکستان علامہ عارف واحدی اسلام آباد، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل حکومت پاکستان ڈاکٹر قبلہ ایاز اسلام آباد، مولانا قاری زاور بہادر مہتمم دارالعلوم جامعہ محمدیہ رضویہ لاہور، مفتی محمد قیصر شہزاد نعیمی، مولانا مفتی عبدالطیف قادری، سنی تحریک لاہور کے صدر مولانا عبداللہ ثاقب، مولانا مختار احمد صدیقی، مفتی محمد عمر بسرا، مفتی محمد انوار، مفتی محمد ندیم قمر، مولانا حکیم محمد سرور، مفتی محمد شفقت یوسفی، مولانا عاصم مخدوم، مولانا اصغر عارف چشتی، مولانا کاظم رضا نقوی، مولانا نعیم جاوید نوری اور دیگر شامل ہیں۔
پریس کانفرنس میں صدر فاﺅنڈیشن محمد یاسین خان نے علماء کا شکریہ ادا کیا۔
مفتیان کرام کا کہنا تھا کہ حج کی جمع شدہ رقم کو بینکوں میں رکھنے کی بجائے غریب مریضوں کے علاج معالجہ پر خرچ کر دیں تاکہ ان کی حاجت و ضرورت پوری ہو، کیونکہ حالیہ دنوں کورونا وائرس کی وجہ سے لوگ مالی بدحالی کا شکار ہوئے ہیں مزدور و غریب طبقہ افراد دو وقت کی روٹی سے تنگ ہو چکے ہیں، گھروں میں بچوں کے دودھ و دوائی لانے کیلئے پیسے نہیں ہیں نیز ان دنوں خصوصی طور پر خیراتی ادارے مالی مشکلات کا شکار ہوئے ہیں۔ مفتیان نے کہا کہ ان اداروں میں ایک ادارہ سندس فاﺅنڈیشن ہے جو تھیلیسمیا اور ہیمو فیلیا کے مریضوں کا مفت علاج کرتا ہے اور یہ ادارہ مخیر حضرات کے تعاون سے خدمت انسانیت کو جاری رکھے ہوئے ہے۔ ان دنوں مالی مشکلات کا شکار ہے، اس صورتحال میں صاحب ثروت مخیر حضرات پر لازم ہے کہ وہ میدان عمل میں آگے بڑھ کر سندس فاﺅنڈیشن کا نہ صرف خود ساتھ دیں بلکہ اپنے عزیز و اقارب کو بھی اس نیکی کے کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کریں۔ مفتیان اور علماء نے بار بار شرعی اپیل کی ہے کہ کورونا وائرس پابندیوں کی وجہ سے حج پر نہ جانے کی صورت میں جمع شدہ رقم سندس فاﺅنڈیشن میں تھلیسمییا اور ہیموفیلیا کے مریضوں کے علاج معالجہ پر خرچ کی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندس فاﺅنڈیشن کے غریب مریضوں کی مدد کرنیوالے خواتین و مرد اللہ تعالیٰ کی رضا و خوشنودی حاصل کر سکتے ہیں، ان مریضوں پر خرچ کیا جانیوالا پیسہ بہت بڑے اجر و ثواب، آپ کے کاروبار میں برکت، اہل و عیال کی صحت و عافیت کا باعث بنے گا اور آپ کے فوت شدگان کی بخشش کا بہترین ذریعہ ہوگا، لہٰذا اس کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔/۹۸۸/ ن