31 July 2020 - 13:44
News ID: 443322
فونت
امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے دھاندلی کی خدشات ظاہر کرتے ہوئے نومبر میں ہونے والے امریکہ کے صدارتی انتخاب ملتوی کرنے کی تجویز پیش کردی ہے۔

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے دھاندلی کی خدشات ظاہر کرتے ہوئے نومبر میں ہونے والے امریکہ کے صدارتی انتخاب ملتوی کرنے کی تجویز پیش کردی ہے۔

امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ اگر ڈاک کے ذریعے ووٹ ڈالے گئے تو یہ ہماری تاریخ کے سب سے زیادہ جعل سازی پر مبنی اور نادرست انتخاب ہو گا۔ یہ امریکہ کے لیے شرمندگی کا باعث ہوگا۔ کیوں نہ عوام کے محفوظ ووٹ ڈالنے کے قابل ہونے تک انتخابات ملتوی کردیے جائیں؟

صدر ٹرمپ کی جانب سے پیش ہونے والی اس تجویز کے بعد امریکی میڈیا اور سماجی رابطے کے مختلف فورمز میں شدید تنقید کی جارہی ہے۔ ایک امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والے صحت عامہ اور معیشت کے بحران کے باعث ٹرمپ کو انتخابات میں اپنی پسپائی نظر آرہی ہے اسی لیے وہ 3 نومبر کو طے شدہ امریکی انتخابات ملتوی کرنے جیسی تجاویز سامنے لا رہے ہیں۔

خبررساں ادارے کے مطابق کسی بھی عوامی فورم پر پہلی بار ٹرمپ نے انتخابات کے التوا کی تجویز پیش کی ہے۔ یہ تجویز اس اعتبار سے انوکھی ہے کہ خانہ جنگی، عالمی کساد بازاری اور جنگ عظیم دوم کے حالات میں بھی امریکی انتخابات وقت پر منعقد ہوئے۔ بعض حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر ٹرمپ کی تجویز پر عمل ہوا تو امریکی سیاسی نظام پر اعتماد متزلزل کرنے کی یہ ان کی ایک اور کامیاب کوشش ہوگی۔

واضح رہے کہ ہر چار سال بعد نومبر کے پہلے پیر کے بعد آنے والے منگل کا دن امریکی انتخابات کے لیے مختص ہے۔ تاریخ کا یہ تعین امریکہ کے وفاقی قوانین میں کیا گیا ہے اور اس میں کسی قسم کی تبدیلی کے لیے کانگریس کی منظوری ضروری ہے۔

واضح رہے کہ صدر ٹرمپ 20 جنوری 2021 کو اپنے عہدے کی مدت پوری کررہے ہیں۔ وہ اس سے قبل بھی ڈاک کے ذریعے ووٹنگ کے طریقہ کار پر کڑی تنقید کرچکے ہیں اور اسے انتخابی نتائج پر اثر انداز ہونے کا ممکنہ ذریعہ قرار دے چکے ہیں۔ اس وقت صرف پانچ ریاستیں ڈاک کے ذریعے مکمل ووٹنگ کروارہی ہیں اور توقع کی جارہی ہے کہ کورونا وائرس سے زیادہ متاثرہ ریاستوں کو بھی یہ طریقہ اختیار کرنا پڑے گا۔

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬