رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ترجمان حجت الاسلام سید حسن ظفر نقوی نے پاکستان کی حالیہ دھشت گردی اور متعدد شیعوں کی شھادت پر امام بارگاہ سید الشہداء سولجر بازار کراچی میں پریس کانفرس منعقد کی ۔
حجت الاسلام نقوی نے دھشت گردوں کے خلاف قوم کے اتحاد کو سراہتے ہوئے حکمرانوں کے کھلوکھلے دعوے پر بڑے دکھ اور افسوس کا اظھار کرتے ہوئے کہا: در حقیقت خفیہ ادارے اور ایجنسیاں ہی کالعدم دہشت گرد گروہ کی سرپرستی میں ملوث ہیں۔
انہوں نے یہ کہتے ہوئے کہ موجودہ حکومت کو اگرچہ ابھی صرف ایک ماہ کا عرصہ گزرا ہے مگر جو وعدے کرکے یہ لوگ انتخابات میں جیت کر آئے ہیں ان وعدو ں پر عمل درآمد ہوتا دور دور تک دکھائی نہیں دے رہا ہے جو کہ قابل تشویش بات ہے کہا: ستم ظریفی یہ ہے کہ ایک حلقے کی طرف سے باقاعدہ انسانیت کے قاتلوں دہشت گردوں کو جواز فراہم کرنے کے لئے منظم بیان بازی کی جا رہی ہے جس سے دہشت گردوں کو اور زیادہ شہ مل رہی ہے۔
حجت الاسلام نقوی نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ مغربی استعمار اپنے ناپاک عزائم اور مقاصد کی تکمیل کے لئے تمام اسلامی ممالک میں فرقہ واریت کو ہوا دے ر ہے ہیں کہا: عراق، شام، یمن، لبنان سمیت متعدد ممالک کی صورتحال سبھی کے سامنے ہے جہاں امریکہ اور اس کے اتحادی دہشت گرد ممالک کھلم کھلا معصوم انسانوں کے قتل عام کے لئے دہشت گردوں کے اسلحہ فراہم کر رہے ہیں اور ان کی حمایت بھی کر رہے ہیں۔
انہوں ںے کہا: افسوس اور بدنصیبی کی بات تو یہ ہے کہ وہ اسلامی ممالک جنہوں نے کبھی بھی فلسطینی مظلوم عوام کے حق میں اور ان کی آزادی کے لئے کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کی بلکہ اسرائیل کے ہمنوا بن گئے ہیں اور اس گھناؤنے اور اسلام دشمن فعل میں امریکہ کے شریک کار بن چکے ہیں۔ جس کا نتیجہ صرف اور صرف اسرائیل کا استحکام اور فلسطینی جدوجہد کو سبوتاژ کرنا ہے۔
حجت الاسلام نقوی نے مزید کہا: پاکستان میں بھی مغربی استعمار امریکہ، اسرائیل اور ان کے دہشت گرد اتحادی ممالک اور مقامی ایجنٹ یہی گھناؤنا کھیل کھیل رہے ہیں، ہمارے وطن میں کہیں بھی شیعہ سنی فساد نہیں ہے مگر تسلسل کے ساتھ قتل و غارت گری کے ذریعے یہاں بھی امریکہ عراق، شام اور لبنان سمیت یمن جیسے حالات پیدا کرنا چاہتا ہے اور مسلمانوں کے مختلف مکاتب فکر کے درمیاں خلیج کو بڑھا کر اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل کرنا چاہتا ہے۔
انہوں نے پاکستانی حکمرانوں کو ہوش کے ناخن لینے، ایجنسیوں اور سیکورٹی اداروں کو اس ملک کی سلامتی کے لئے امن و امان کو ترجیح دینے کی تاکید کرتے ہوئے کہا: حکومت کالعدم ملک اور اسلام دشمن دہشت گردوں کی سرپرستی کرنے سے پرھیز کرے ، جب تک امن و امان کی صورتحال بحال نہ ہو اور لوگ اپنی جان و مال کے تحفظ کی طرف سے بے فکر نہ ہوں ہمارے ملک کو خطرات لاحق رہیں گے۔