رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی تحریک پاکستان کے سربراہ حجت الاسلام سید ساجد علی نقوی نے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کو بلا مقابلہ منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے پرامن انتقال اقتدار کو خوش آئند قرار دیاہے اور کہا : امید ہے صوبائی حکومتو ں کے قیام کے بعد نومنتخب وفاقی حکومت ملک سے دہشت گردی، لوڈشیڈنگ، کرپشن، اقرباء پروری اور بے روزگاری کے خاتمے کیلئے اہم اقدامات اٹھائے گی ۔
حجت الاسلام سید ساجد نقوی نے کہا : عام انتخابات کے بعد پرامن طورپر انتقال اقتدار سے ملک میں جمہوریت مضبوط ہوگی اور معیشت مستحکم ہوگی۔
انہوں نے کہا : عوام نے جن توقعات اور امیدوں کیساتھ نو منتخب حکمرانوں کو منتخب کیاہے امید ہے نئی حکومت ان تمام توقعات کو پورا کرنے کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کرے گی۔
حجت الاسلام نقوی نے یہ بیان کرتے ہوئے کہا: اس وقت ملک دہشت گردی، لوڈشیڈنگ، کرپشن، اقرباء پروری ، بے روزگاری اور مہنگائی جیسے مسائل کا شکا رہے اور امن وامان کی صورتحال اس قدر خراب ہے کہ عام آدمی خود کو غیر محفوظ محسوس کررہاہے۔
انہوں نے کہا : توقع ہے کہ نئی منتخب حکومت مذکورہ بالا عوامی مسائل کے حل کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کرے گی۔
انہوں نے ڈاکٹر عبدالمالک کے بلا مقابلہ انتخاب کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا : نئی بلوچستان حکومت کا قیام صوبے کو ترقی اور خوشحالی پر گامزن کرنے کیلئے واضح پالیسی تشکیل دیگی اور ملک کو مسائل کی گرداب سے نکالنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔