رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل کے مرکزی سکریٹری جنرل حجت الاسلام عارف حسین واحدی نے ملاکنڈ میں مساجد میں ہونیوالے بم دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوںکے ضیائع پر دلی افسوس کا اظہار کیاہے۔
حجت الاسلام عارف حسین واحدی نے اپنے مذمتی بیان میں کہا : شدت پسند اور دہشتگرد ملک بھرمیں اپنی گھنائونی کارروائیوں میں مصروف ہیں ان کے خلاف فیصلہ کن اقدامات ناگزیر ہیں ۔ ملک کی داخلی سلامتی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن و سکون کی فراہمی کیلئے اب مزید سمجھوتہ نہیں کیا جانا چاہیے ، عوام مساجد، بازاروں حتیٰ کہ دوران سفربھی محفوظ نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا: ملک اس وقت آگ و خون کا منظر پیش کر رہا ہے اور ہر روز معصوم اور بے گناہ قیمتی جانیں دہشتگردی کی بھینٹ چڑھ رہی ہیں لیکن ٹارگٹ کلنگ اور دہشتگردی کی روک تھام کیلئے کوئی ٹھوس اور سنجیدہ اقدام نہیں کیا گیا۔
انہوں نے نئی قائم ہونے والی حکومت سے دہشت گردی کے خلاف ٹھوس اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ۔