رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکے سے ڈھائی سو کلومیٹر کے فاصلے پر واقع شہر بگمارا کی ایک مسجد میں ہونے والے دھماکے میں تین افراد زخمی ہوگئے یہ دھماکہ اس وقت ہوا جب لوگ نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے کھڑے ہورہے تھے ۔
بنگلہ دیش پولیس کے ترجمان نے بتایا ہے کہ اس دھماکے میں بم نصب کرنے والا شخص ہلاک ہوگیا جبکہ تین نمازی زخمی ہوئے ہیں ۔
کہا جارہا ہے کہ دھماکے کے وقت مسجد میں تقریبا سو نمازی موجود تھے۔ تاحال کسی فرد یا گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
دوسری جانب فرانس میں مسلمانوں کے ساتھ حکومت کے امتیازی سلوک کا سلسلہ شروع ہونے کے بعد ایک گروہ نے مسجد پر حملہ کیا اور مقدسات کی توہین کی ۔
رپورٹ کے مطابق جنوب مشرقی فرانس کے جزیرہ کرس کے شہر آژاکسیو میں ایک گروہ نے ایک مسجد پر حملہ کردیا اور مسجد میں موجود اسلامی مقدسات کی توہین کی ۔
فرانس پریس نے اس نسل پرستانہ اقدام کو انجام دینے والوں کے لئے مظاہرین کی لفظ استعمال کرتے ہوئے لکھا کہ لوگوں نے مسجد کے شیشے توڑ دیئے اور حال کو تباہ کردیا اور مسجد میں رکھے ہوئے قرآن مجید کو بھی نذرآتش کر دیا ہے ۔
واضح رہے کہ فرانس کی پولیس نے پیرس حملوں کے بعد سے مسلمانوں کے گھروں اور مسجدوں پر چھاپے مارنا اور ان کی تلاشی لینا شروع کر دیا ہے ۔ تیرہ نومبر کو ہونے والے پیرس حملے کی ذمہ داری داعش دہشت گرد گروہ نے قبول کی تھی ۔ اس حملے میں ایک سو تیس افراد ہلاک ہوئے تھے ۔