رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمھوریہ ایران کے صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے پاکستانی وزیر آعظم نواز شریف سے ہونے والی ملاقات میں دونوں ممالک کے دوستانہ روابط میں استحکام کی تاکید کی ۔
ڈاکٹر حسن روحانی نے ایران اور پاکستان کے دیرینہ اور تاریخی تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا : اسلامی جمہوریہ ایران کی خارجہ پالیسی کی ترجیح سبھی ملکوں خاص طور پر ہمسایہ اور پڑوسی ملکوں کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینا ہے ۔
انہوں نے مزید کہا: ایران نے ہمیشہ مسائل کو بات چیت اور سیاسی طریقے سے حل کرنے کی پالیسی پر عمل کیا ہے ۔
پاکستان کے وزیراعظم نوازشریف نے اپنے دورہ تہران پر خوشی کا اظہارکرتے ہوئے ایران پر عائد پابندیوں کے خاتمے اور مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عمل درآمد کی مبارک باد بھی پیش کی اور کہا : وہ ایران کو اپنا دوسرا وطن سمجھتے ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا: سعودی عرب اور ایران کے درمیان کشیدگی کو کم کرانے کے مقصد سے تہران کے دورے پر تھے ۔
دوسری جانب ایران کے نائب صدر اسحاق جہانگیری نے نواز شریف سے ملاقات و گفتگو میں ہمسایہ اور اسلامی ملکوں کے ساتھ تعلقات کا فروغ اسلامی جمہوریہ ایران کی خارجہ پالیسی کا بنیادی اصول بتایا اور کہا: ایران کے ساتھ دیرینہ تاریخی ثقافتی اور مذہبی قربت کے باعث پاکستان کےساتھ تعلقات کو فروغ دینا ایران کی ترجیحات میں سرفہرست ہے ۔
انہوں نے اس بات کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہ پابندیوں کے خاتمے کے بعد تہران اور اسلام آباد کے درمیان تعلقات میں مزید وسعت آئے گی کہا: پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے فروغ کا ایک اہم میدان ہے ۔
جہانگیری نے تکفیریت اور انتہا پسندی کو ایران اور پاکستان کی مشترکہ تشویش قرار دیتے ہوئے اس کے مقابلے کی ضرورت پر زور دیا ۔
انہوں نے سرحدی سیکورٹی کو دونوں ملکوں کی مشترکہ تشویش قرار دیتے ہوئے سرحدی مسائل کوحل کرنے کے لیے پاکستان اور ایران دونوں کو مل کر کوشش کرنے کی تاکید کی ۔
پاکستان کے وزیر اعظم میاں نواز شریف نے اس ملاقات میں پابندیوں کے خاتمے کی ایران کی حکومت اور عوام کو مبارک باد پیش کی اور کہا: ایٹمی مذاکرات کے عمل میں رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی مدبرانہ قیادت اور ہدایات قابل تحسین ہیں ۔
انہوں نے یہ کہتے ہوئے کہ آج ساری دنیا نے ایٹمی مذاکرات میں ایران کی برتری اور طاقت کا اعتراف کرلیا ہے، ایران میں ترقی کی بے پناہ گنجائشوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا : پاکستان توانائی اور بجلی کی پیداوار سمیت مختلف شعبوں میں ایران کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کے لیے تیار ہے۔
نواز شریف نے مزید کہا: موجودہ دور میں اسلامی ملکوں کے درمیان اتحاد و یکجہتی کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران عالم اسلام کی مشکلات کے حل میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے ۔