رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے صدر مقام کوئٹہ میں ایک زائرین کی بس پر دہشت گردوں کی فائرنگ میں پانچ خواتین شہید ہو گئیں۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ کوئٹہ کے علاقے کیرانی روڈ پر اس وقت پیش آیا جب گھات لگائے بیٹھے دہشتگردوں نے شیعہ آبادی والے علاقے ہزارہ ٹاؤن جانے والی ایک بس پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ ابتدائی خبروں میں پانچ خواتین کے شہید اور ایک شخص کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔
بعض رپورٹوں میں زخمیوں کی تعداد بیس تک بتائی گئی ہے تاہم سرکاری ذرائع سے اس کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گرد دو موٹر سائیکلوں پر سوار تھے جو جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
کوئٹہ میں ایک عرصے سے شیعہ ہزارہ برداری کو دہشت گردانہ حملوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے تاہم محرم الحرام کے آغاز پر ہونے والے والا یہ تازہ واقعہ ہے۔ صوبائی وزیراعلی نے حسب معمول واقعے کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف ٹھوس کارروائی کا اعلان کیا ہے۔
مجلس وحدت مسلمین نے محرم الحرام کے دوران سیکورٹی انتظامات پر بھی عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ دہشت گردوں کے خلاف فوری اور ٹھوس کارروائی کرے۔/۹۸۸/ن۹۴۰