رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی بحریہ کے سربراہ ایڈمرل حبیب اللہ سیاری نے جمعرات کو جنوبی ایران کے شہر، خرمشہر میں ایک بیان میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی بحریہ اپنی توانائیوں کے اظہار اور اسلامی انقلاب کی ثقافت کی عظمت کو ثابت کرنے کے لئے دنیا کے ملکوں کے ساتھ سرگرم رابطے میں ہے۔
انہوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایران کی بحریہ کے پاس جدید ترین فوجی ساز وسامان ہے کہا کہ ایران کے چوالیسویں بیڑے نے بحرہند کے جنوبی علاقوں اور بحراٹلانٹیک میں ایک سو پچاس روز تک گشت کرکے ایک ریکارڈ قائم اور ساتھ ہی اپنی توانائیوں کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے۔
ایڈمرل حبیب اللہ سیاری نے ایرانی بحریہ کے ایک بیڑے کے بحیرہ خزر اور روس کے ساحلوں کے دورے اور اسی وقت ایرانی بحریہ کے ایک اور بیڑے کے عمان کے ساحلوں کے دورے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بندرعباس میں پاکستانی بحری بیڑے کی میزبانی بحری سفارتکاری کے میدان میں ایرانی بحریہ کی مضبوط توانائیوں کو ثابت کرتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جلد ہی سہند ڈسٹرائر اور میزائل فائرکرنے والے بحری جہازوں کے ایران کے دیگر تباہ کن بحری جہازوں کی صف میں شامل ہوجانےسے ایرانی بحریہ کی طاقت و توانائی میں کئی گنا اضافہ ہوجائے گا۔/۹۸۹/ ف۹۳۰/ ک۲۷۶