24 April 2017 - 20:25
News ID: 427695
فونت
ایران کے صدارتی امیدواروں کے درمیان براہ راست ٹیلی کاسٹ ہونے والے مناظرات و گفتگو کے لیے قرعہ اندازی کے بعد مباحثوں کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔
صدارتی امیدوار

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قرعہ اندازی کا پروگرام اتوارکی شب قومی ریڈیو اور ٹیلی ویژن کی مرکزی عمارت میں منعقد ہوا جس میں صدارتی امیدواروں کے نمائندے شریک تھے اور اس کی کارروائی براہ راست نیوز چینلوں اور ریڈیو ایران سے نشر کی گئی۔

قرعہ اندازی کے مطابق نامزد صدارتی امیدواروں کے درمیان یہ مناظرات چھبیس اپریل سے سترہ مئی کے درمیان نشر کیے جائیں گے۔ تمام چھے امیدواروں کے درمیان تین براہ راست مباحثے بالترتیب اٹھائیس اپریل کو جبکہ دوسرا پانچ مئی اور تیسرا بارہ مئی کو ہوگا۔

مناظرات کے علاوہ تمام امیدواروں کو پانچ سو پچپن منٹ ٹیلی ویژن پروگرام کے لیے اوراتنا ہی وقت ریڈیو پروگراموں کے لیے بھی دیا گیا ہے ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے قومی ادارے آئی آرآئی بی کے سربراہ علی عسکری نے قرعہ اندازی کے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات زور دے کر کہی کہ ان کا ادارہ صدارتی انتخابات میں مکمل غیرجانبدار ہے اور ابلاغیاتی انصاف کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے تمام امیدواروں کوعوام کے سامنے روشناس کرانے کے لیے اپنی پوری توانائیاں بروئے کارلائے گا۔

ایران کے اٹارنی جنرل حجت الاسلام محمد جعفرمنتظری نے اس موقع پر کہا کہ صدارتی اتنخابات کی اہمیت اس لیے بھی زیادہ ہے کیونکہ ایران کے عوام آئندہ چاربرس کے لیے ملک اعلی ترین ایگزیکٹو عہدیدار کا انتخاب کریں گے۔

انہوں نے تمام صدارتی امیدواروں پرزوردیا کہ وہ انتخابی مہم کی سہولتوں سے بھر پور فائدہ اٹھائیں تا کہ ایران کے عوام پرجوش طریقے سے انتخابات میں حصہ لیں اور دشمن کی سازشوں اور حربوں کو ناکام بنادیں۔

انہوں نے امید ظاہرکی کہ تمام امیدوارانتخابی مہم کے دوران ضابطہ اخلاق کی پاسداری کے ساتھ ساتھ ان تمام نکات پر بھی بھرپورتوجہ دیں گے جن پررہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے تاکید فرمائی ہے۔

ایران کے الیکشن کمیشن کے جاری کردہ بیان کے مطابق، سید مصطفی میرسلیم، اسحاق جہانگیری کوشائی، حسن روحانی، سید ابراہیم رئیسی ساداتی، محمد باقرقالیباف، اورسید مصطفی ہاشمی طبا ایسے چھے امیدوار ہیں جن کی اہلیت آئین کی نگران کونسل نے توثیق کی ہے۔ ایران میں صداراتی انتخابات کے لیے انیس مئی کو ووٹ ڈالے جائیں گے اسی روز ایران کے عوام ملک بھر میں بلدیاتی اور دیہی کونسلوں کے نمائندوں کا بھی انتخاب کریں گے۔/۹۸۸/ ن۹۳۰/ ک۴۳۱

 

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬