رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اس ملاقات میں، صدر حسن روحانی اور اسپیکر ایاز صادق نے ایران اور پاکستان کے درمیان تمام شعبوں میں تعلقات کے فروغ پر زور دیا ۔
صدر حسن روحانی نے اس موقع پر کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران پاکستان کی توانائی کی ضرورتیں پوری کرنے کے لیے تیار ہے۔ صدر ایران کا کہنا تھا کہ ایران نے گیس کی فراہمی کے لیے پائپ لائن پاکستان کی سرحد تک پہنچا دی ہے اور امید ہے کہ حکومت پاکستان بھی اس منصو بے کو ٹھوس بنیادوں پر آگے بڑھائے گی۔
ڈاکٹر حسن روحانی نے ، چابہار اور گوادر کی بندرگاہوں کو ایک دوسرے کی حلیف قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان سڑک اور ریل رابطوں کو مضبوط بنائے جانے کی ضرورت ہے۔ صدر کا کہنا تھا کہ چابہار اور گوادر کی بندرگاہیں ایران و پاکستان کے ساتھ ساتھ خطے کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں کرسکتی ہیں۔
انہوں نے ایران اور پاکستان کی سرحدی سیکورٹی کو بھی انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مشترکہ سرحدوں کو محفوظ پانے کے لیے موثر اقدامات کیے جارہے ہیں۔
پاکستان کے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے اس موقع پر کہا کہ گوادر اور چابہار کی بندرگاہوں کے درمیان تعاون کا فروغ دونوں ملکوں کے معاشی تعلقات کی تقویت میں انتہائی اہم ہے۔
انہوں نے پاک چین اقتصادی راہداری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اسلامی جمہوریہ ایران کو اس منصوبے میں شامل ہونے کی دعوت دی۔ ایازصادق نےاپنے ملک کی توانائی کی ضرورتوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان، اپنی توانائی کی ضرورت پوری کرنے کے لیے ایران کی گنجائشوں سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر ، پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کی تکمیل کے حوالے سے اسلام آباد کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر نے صدر حسن روحانی کے ساتھ ملاقات میں خطے میں قیام امن اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون جاری رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق، جمعہ اکیس اپریل کو ایک پارلیمانی وفد کے ہمراہ تہران پہنچے تھے۔/۹۸۸/ ن۹۴۰