رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، خبروں کے مطابق سعودی فوجیوں نے مظاہرین پر بکتربند گاڑیوں سے اس وقت حملہ کر دیا جب العوامیہ کے نوجوان جمعۃ الوداع کے موقع المسورہ کے مرکزی چوراہے پر، فلسطینی کاز کے حق میں جمع ہو رہے تھے۔
چالیس روز سے جاری العوامیہ کے محاصرے کے باوجود علاقے کے نوجوانوں نے علاقے کی سڑکوں اور گلیوں میں مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت میں علامتی مظاہرے کیے اور اسرائیل کے ساتھ تعلقات بحال کرنے کی سعودی کوششوں کی مذمت کی۔
مظاہرین نعرے لگا رہے تھے کہ مسئلہ فلسطین عالم اسلام کا اولین مسئلہ ہے جبکہ یوم القدس سعودی استبداد اور صیہونی ظلم کے خلاف احتجاج کا دن ہے جنہوں نے العوامیہ اور فلسطین کے نہتے شہریوں کو اپنی جارجیت کا نشانہ بنا رکھا ہے۔
سماجی مذہبی اور سیاسی ناانصافیوں کے خلاف سعودی عرب کے مشرقی علاقوں میں فروری دو ہزار گیارہ سے عوامی احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے جس کے دوران درجنوں پرامن مظاہرین شہید اور سیکڑوں زخمی ہو چکے ہیں۔/۹۸۸/ ن۹۴۰