رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کشمیر اور فلسطین میں انسانی حقوق کی بدترین پامالی پر اقوام متحدہ اور عالمی طاقتوں کی خاموشی کی شدید مذمت کرتے ہیں، فلسطین عالم اسلام کی شہ رگ اور کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، بھارت اور اسرائیل کا گٹھ جوڑ نہ صرف پاکستان کے خلاف بلکہ فلسطین اور کشمیری مظلوم عوام کے خلاف ہے، جس کا مقصد کشمیر اور فلسطین پر بھارتی اور اسرائیلی تسلط قائم کرنا ہے، نیتن یاہو مظلوم فلسطینیوں کا قاتل اور مودی مظلوم کشمیری عوام کا قاتل ہے، حالیہ دنوں قاتلوں کا اسرائیل میں ہونے والا گٹھ جوڑ اور اسلحہ کی خرید و فروخت کے منصوبوں کا مقصد پاکستان اور کشمیر میں انارکی پھیلانا ہے، بھارت ہمیشہ پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث رہا ہے، فلسطین اور کشمیر میں جاری آزادی کی تحریکوں کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہیں، امریکہ دنیا کا سب سے بڑا شیطان اور دہشت گرد ہے، جو اسرائیل اور ہندوستان کی سرپرستی کر رہا ہے، فلسطینی اور کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کو دہشت گردی قرار دینا انتہائی شرمناک فعل ہے، شہید مظفر وانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے تحت کراچی پریس کلب کے باہر منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
احتجاجی مظاہرے میں پاکستان میں مقیم فلسطینی طلباء یونین کے صدر عبد القادر، سابق رکن قومی اسمبلی مظفر احمد ہاشمی، متحدہ قومی موومنٹ کے رکن سندھ اسمبلی محفوظ یار خان، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل صابر ابو مریم، بین الاقوامی امور کی ماہر ڈاکٹر طلعت وزارت، جمعیت علماء پاکستان کے رہنما علامہ عقیل انجم قادری، مجلس وحدت مسلمین کے علامہ مبشر حسن، جعفریہ الائنس کے رہنما سید شبر رضا، معروف سماجی رہنما عمران شہزاد، ہیومن رائٹس نیٹ ورک کے شہزاد مظہر، آئی ایس او کے رہنما ریحان عابدی، معروف سماجی رہنما فوزیہ فرحان، ایشین یونین کے طارق شاداب، عام لوگ اتحاد کے رہنما عشرت غزالی، ایمیٹی انٹر نیشنل کے رانا اعظم، معروف نعت خواں معاذ چشتی سمیت دیگر نے خطاب کیا۔ اس موقع پر شرکاء کی بڑی تعداد مظاہرے میں شریک تھی، جنہوں نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر مودی قاتل، اسرائیل قاتل سمیت کشمیر پاکستان کی شہ رگ، فلسطین کی آزادی تک جنگ رہے گی، اسرائیل اور بھارت مسلمانوں کے دشمن، مظلوم کشمیریو ہم تمھارے ساتھ ہیں، سمیت مردہ باد امریکہ، اسرائیل نامنظور اور ہندوستان مردہ باد کے نعرے درج تھے۔ شرکائے احتجاجی مظاہرہ نے امریکہ اسرائیل اور ہندوستان کے پرچم بھی نذر آتش کئے۔ مظاہرے میں سول سوسائٹی اراکین سمیت انسانی حقوق کے نمائندوں کی بڑی تعداد بشمول ڈاکٹر خالد اختر، اسفند یار خان، شاہد احمد، رضوان شاہد، روبینہ یاسمین اور دیگر بھی موجود تھے۔/ ۹۸۸ / ن۹۴۰