رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزہ علمیہ جامعتہ المنتظر ایچ بلاک ماڈل ٹاؤن لاہور میں حج تربیتی پروگرام میں عازمین حج پر زور دیا گیا وہ سعودی قوانین کا احترام کریں اور عملے کیساتھ خوش اخلاقی کیساتھ پیش آئیں، حجاج کا مثبت رویہ ملکی وقار کا باعث ہوگا، حجاج اللہ تعالیٰ کے مہمان ہیں، باہمی اتفاق و اتحاد اور ایک دوسرے کو برداشت کرنے کا جذبہ پیدا کرنا چاہیے، تمام مناسک حج کے دوران نظم و ضبط اور تحمل کا مظاہرہ کرنے سے خود اپنے لئے اور دوسروں کیلئے آسانیاں پیدا کریں، منشیات ساتھ لے جانیوالوں کیلئے سخت سزائیں ہیں، اس سے اجتناب کریں۔
اس موقع پر سرکاری اور نجی عازمین کو وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر علامہ سید ریاض حسین نجفی، علامہ محمد افضل حیدری اور علامہ غلام باقر گھلو نے فضیلت و اہمیت حج بیان کرتے ہوئے کہا کہ حج مسلمانوں کا سالانہ اجتماع ہے، جو کہ اللہ تعالیٰ کے گھر میں حاضری کے ساتھ نظم وضبط کو بھی درس دیتا ہے، طواف کعبہ، صفا و مروا کے درمیان سعی، قیام عرفات، مزدلفہ، احرام باندھنے سے لے قربانی کرنے اور واپسی تک تمام مناسک حج میں نظم وضبط کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس لئے عازمین حج کو دوسروں کیلئے اور خود اپنے لئے بھی آسانیاں پیدا کرنی چاہیں، اس موقع پر مناسک حج کی ڈاکیو منٹری بھی دکھائی گئی /۹۸۸/ ن۹۴۰