رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے محرم الحرام میں ویسٹ زون اور ایسٹ زون کو انتہائی حساس قرار دیتے ہوئے شہر بھر سے برآمد والے 163 ماتمی جلوسوں اور 918 مجالس کو بھی انتہائی حساس قرار دیدیا۔ باخبر ذرائع کے مطابق پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران کے درمیان محرم الحرام میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے اجلاس منعقد ہوا، جس میں پولیس کے اسپیشل برانچ، رینجرز کے فیلڈ سیکیورٹی ونگ سمیت دیگر اداروں سے شہر بھر سے ملنے والی خفیہ معلومات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، کراچی پولیس کے ویسٹ اور ایسٹ زونز کو انتہائی حساس قرار دیتے ہوئے شہر بھر سے برآمد ہونے والے 163 ماتمی جلوسوں اور 918 مجالس کو بھی انتہائی حساس قرار دیا گیا۔ اس ضمن میں پولیس کے ذرائع نے مزید بتایا کہ محرم الحرام میں پورے شہر سے ایک ہزار 87 جلوس نکالے جائیں گے، جن میں ساؤتھ زون میں اہل تشیع کے 55 جبکہ اہلسنت کے 92 جلوس نکالے جائیں گے، 815 مقامات پر مجالس کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ 186 مقامات پر وعظ کا اہتمام ہوگا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے 49 مجالس کو انتہائی حساس، 432 کو حساس قرار دیا ہے جبکہ 55 جلوسوں کو انتہائی حساس قرار دیا ہے۔
اسی طرح ایسٹ زون میں اہلسنت کے 266 جبکہ اہل تشیع کے 308 جلوس نکالے جائیں گئے، 2 ہزار 934 مجالس عزا کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ 27 مقامات پر وعظ کا اہتمام ہوگا، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایسٹ زون میں 501 مجالس کو انتہائی حساس، 1309 کو حساس جبکہ 65 جلوسوں کو انتہائی حساس، 367 کو حساس قرار دیا ہے۔ ویسٹ زون میں اہل تشیع کے 230 جبکہ اہلسنت کے 136 جلوس نکالے جائیں گے۔ 2 ہزار 19 مقامات پر مجالس کا انعقاد جبکہ 118 مقامات پر وعظ کا اہتمام ہوگا، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ویسٹ زون میں 368 مجالس کو انتہائی حساس، 970 کو حساس قرار دیا ہے جبکہ جلوسوں میں 43 کو انتہائی حساس، 132 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔/۹۸۸/ ن۹۴۰