رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے لاہور میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شام میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر اقوام عالم کی بے حسی قابل مذمت ہے، کشمیر اور فلسطین سمیت دنیا بھر مسلمانوں کے حقوق کا استحصال کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شام، کشمیر، برما اور فلسطین سمیت دنیا بھر میں مسلمانوں پر ڈھائے جانیوالے مظالم پر اقوام متحدہ سمیت امن کے عالمی ٹھیکیداروں کی بے حسی قابل مذمت ہے۔
مجاہد نے کہا کہ شام میں جو خونی کھیل کھیلا جا رہا ہے اس پر مسلم حکمرانوں کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں امریکہ سمیت عالمی طاقتوں کے بے رحمانہ کھیل کے کئی بھیانک پہلوؤں سے پردہ چاک ہو چکا ہے جبکہ استعماری قوتیں مسلمانوں پر ظلم کے ذریعے ان کے وسائل پر نظر جمائے ہوئے ہیں اور اس کے حصول کیلئے جنگ بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔
مجاہد نے کہا کہ امریکہ عراق کی طرح اب شام میں ڈرامہ رچا کر مسلمانوں پر حملہ آوار ہے جبکہ دنیا بھر کے مسلم حکمران بے حسی کی تصویر بنے ہوئے ہیں۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰