رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،موصولہ رپورٹوں کے مطابق خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ایم پی اے آمنہ سردار نے شام میں قتل عام رکوانے کے لیے قرار داد پیش کی۔
قرار داد کے متن میں کہا گیا کہ صوبائی حکومت وفاق سے سفارش کرے کہ وہ شام میں جنگ رکوانے کے لیے کردار ادا کرے جو بعد ازاں متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔
واضح رہے کہ داعش مخالف نام نہاد امریکی اتحاد کے جنگی طیاروں نے اتوار کی رات مشرقی شام میں واقع دیرالزور کے علاقے میں ظہرہ العلونی اور الشفقہ نامی علاقوں میں شامی پناہ گزینوں کے کیمپوں پر حملہ کیا جس میں 29 شامی شہری جاں بحق اور درجنوں دیگر زخمی ہو گئے۔
یہ حملہ ایسی حالت میں کیا گیا ہے کہ بائیس فروری کو بھی اسی طرح کے کئے جانے والے حملے میں 12عام شہری مارے گئے تھے۔ حالیہ برسوں کے دوران امریکہ، دہشت گرد گروہوں کے خلاف مہم کے بہانے عراق و شام پر حملے کرتا رہا ہے جن میں اب تک سینکڑوں کی تعداد میں عام شہری جاں بحق و زخمی ہو چکے ہیں۔/۹۸۹/ ف۹۴۰