رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے غزہ کے جنوب میں واقع شہر رفح کے شمال اور مغرب میں فلسطین کی تحریک مزاحمت کے ٹھکانوں کو جارحیت کا نشانہ بنایا۔
ان ذرائع کے مطابق غاصب صیہونی حکومت کی جارحیت کے جواب میں فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے اینٹی ایرکرافت یونٹ نے اسرائيل کے طیاروں پر فائرنگ کی جس کے بعد وہ فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔
فلسطین کی تحریک مزاحمت نے ہفتے کی شام کی بھی صیہونی حکومت کے ایک جاسوس ہیلی کاپٹر کو نشانہ بنایا۔ یہ ہیلی کاپٹر، غزہ کے علاقے کی تصاویر بنا رہا تھا۔
غاصب صیہونی حکومت نے گذشتہ دسمبر سے غزہ پر اپنے حملے تیز کر دیئے ہیں۔ صیہونی حکومت کی حالیہ وحشیانہ جارحیت میں اب تک ہزاروں کی تعداد میں فلسطینی شہید و زخمی ہو چکے ہیں۔
واضح رہے کہ غاصب صیہونی حکومت نے دو ہزار چھے سے غزہ کا شدید محاصرہ کر رکھا ہے جس کی بنا پر اس علاقے کے عوام کو شدید مشکلات و مسائل کا سامنا ہے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/