رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے چینی درآمدات پر اربوں ڈالر کے ٹیکس لگانے کے اقدامات سے دنیا میں تجارتی جنگ چھڑنے کا خدشہ پیدا ہوگیا جب کہ یورپ بھی امریکی اقدامات پر انتقامی کارروائی کرنے کے لیے غور کر رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پہلے اسٹیل اور ایلومینیم درآمدات پر ٹیکس عائد کیا گيا اور اس کے بعد جمعرات کو چین کی 60 ارب ڈالر کی درآمدات پر 25 فیصد تک ٹیکس عائد کردیا گیا ۔ امریکہ نے ان چینی شعبوں کو ہدف بنایا جس میں واشنگٹن کا دعویٰ ہے کہ ان میں چین نے امریکی ٹیکنالوجی چرائی ہے۔
جواب میں بیجنگ نے بھی امریکہ کو اس کی مصنوعات پر ٹیکس عائد کرنے کی دھمکی دے دی ہے اور اس سلسلے میں چینی وزارت تجارت نے 128 اشیا پر ایک فہرست بھی تیار کرلی ہے۔ ان امریکی اشیا پر 10 سے 25 فیصد تک ٹیرف عائد کیے جاسکتے ہیں۔
ادھر یورپ بھی امریکی اقدامات پر انتقامی کارروائی کرنے کے لیے غور کر رہا ہے۔ فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے متنبہ کیا ہے کہ یورپ کمزوری دکھائے بغیر واشنگٹن کی دھمکیوں کا جواب دے گا تاہم ہفتہ کو تجارتی کشیدگی کم ہونے کے بھی اشارے ملے ہیں، امریکا اور چین نے تجارتی معاملات پر بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کرلیا ہے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/