15 June 2018 - 21:52
News ID: 436273
فونت
عبدالملک الحوثی:
یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کے سربراہ نے کہا ہے کہ یمن کی اصل جنگ امریکا اور صیہونی حکومت سے ہے جبکہ دیگر ممالک یمن پر جارحیت کرنے کے لئے ان حکومتوں کے آلہ کار ہیں۔
عبد الملک الحوثی

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کے سربراہ عبدالملک بدر الدین الحوثی نے عید الفطر کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ یمن پر جارحیت میں سعودی عرب اور اس کے پٹھوؤں کی پشت پر امریکا ہے اور یہ جنگ امریکا اور اسرائیل کی ایما پر ہی یمنی عوام پر مسلط کی گئی ہے - ان کا کہنا تھا کہ یمن کےمغربی ساحلوں پر قبضہ کرنا اسرائیل کا اسٹریٹیجک ہدف ہے۔

عبدالملک بدرالدین الحوثی نے جارح قوتوں کا مقابلہ یمنی عوام کا قومی فریضہ قراردیا اور کہا کہ خداوندعالم کی مدد ونصرت اور عوام کے عزم و حوصلے سے یمن کا مغربی ساحل جارح طاقتوں کے لئے ایک بڑے دلدل میں تبدیل ہوجائےگا۔

اس درمیان یمن کی اعلی انقلابی کونسل کے سربراہ محمد علی الحوثی نے بھی  ملک کے مغربی ساحلی علاقے الحدیدہ میں نئی جنگ کے آغاز کا ذمہ دار امریکا اور برطانیہ کو قراردیا۔ یمن کی وزارت دفاع کے ایک باخبر ذریعے نے بتایا ہے کہ یمن کے مغربی ساحل الحدیدہ پر قبضہ کرنے کے مقصد سے امریکا اور سعودی عرب اور ان کے اتحادیوں کے وسیع حملے بری طرح پسپا کردئے گئے۔

انصاراللہ کے سیاسی دفتر کے رکن ضیف اللہ شامی نے بھی الحدیدہ کے محاذ پر سعودی جارح فوج اور اس کی اتحادی فوجوں کی ہر طرح کی پیشقدمی کی خبروں کو مسترد کردیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کو اس محاذ پر ایسا جواب ملےگا کہ  جس کا انہوں نے تصور بھی نہیں  کیا ہوگا۔

سعودی عرب اور متحدہ عرب  امارات کی فوجوں نے یمن کے مغربی ساحل اور الحدیدہ بندرگاہ پر قبضہ کرنے کے لئے گذشتہ ایک مہینے سے اس علاقے میں اپنی جارحانہ کارروائیاں شروع کررکھی ہیں - الحدیدہ اس وقت وہ واحد بندرگاہ ہے جس کے ذریعے مظلوم اور محصور یمنی عوام کو انساندوستان امداد پہنچائی جارہی ہے۔

دوسری جانب یمنی فوج کے میزائل یونٹ نے مغربی ساحل کے محاذ پر سعودی عرب اور اس سے وابستہ اتحادیوں کے فوجی ٹھکانوں پر قاہر ایم ٹو بیلیسٹک میزائل سے حملہ کیا۔ یمن کے وزیردفاع نے الحدیدہ بندرگاہ میں یمنی فوج کے کمانڈروں سے ملاقات میں جارح قوتوں کے مقابلے میں یمن کی مسلح افواج کی مکمل آمادگی پر زور دیا ۔ یمن کے وزیردفاع ناصر العدل العاطفی نے صوبہ الحدیدہ میں یمنی فوج کے کمانڈروں اور اعلی افسران سے خطاب کرتےہوئے کہا کہ یمن کی مسلح افواج پوری طرح سے آمادہ ہیں اور غاصب و جارح قوتوں کی جارحیتوں کے مقابلے کے لئےڈٹی ہوئی ہیں جس طرح سے وہ گذشتہ تین برسوں سے ڈٹی ہیں۔ یمنی وزیردفاع نے کہاکہ ہماری فوج بلند عزم و حوصلے کے ساتھ اپنی استقامت اور پامردی کو جاری رکھے گی اور یہ ثبات قدم یمنی فوج کی عزت نفس کی علامت ہے۔

یمن کی مسلح افواج کے ڈپٹی کمانڈر علی الموشکی نے بھی الحدیدہ میں فوجی کمانڈروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جارح فوجوں اور دشمنوں کو جو الحدیدہ پر قبضہ کرناچاہتے ہیں یہ جان لینا چاہئے کہ ان میں سے کوئی بھی الحدیدہ بندرگاہ سے زندہ بچ کر واپس نہیں جائے گا۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰

 

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬