رسا ںیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امریکی جریدے فارن پالیسی میگزین نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے کشمیر میں آرٹیکل 370 کے خاتمے کے بعد نہ صرف کشمیریوں اور باقی ہندوستان کے درمیان خلیج مزید بڑھے گی بلکہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر تشدد کا بھی خدشہ ہے ۔
امریکی جریدے کے مطابق آرٹیکل35 اے کا خاتمہ مسلم اکثریت والی اس ریاست کی نوعیت کو تبدیل کردے گا ، آرٹیکل 35 اے کے تحت غیر کشمیری باشندے کشمیر میں مالکانہ حقوق پر زمین نہیں خرید سکتے تھے ۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ممکنہ طور پر بھارتی حکومت ہندوؤں کو کشمیر کی طرف ہجرت کرنے کی حوصلہ افزائی کرے گی ۔آرٹیکل 35 اے کا خاتمہ راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ یا آر ایس ایس اور وشوا ہندو پریشد جیسی انتہا پسند اور دہشت گرد تنظیموں کا دیرینہ مطالبہ تھا ۔
رپورٹ کے مطابق کشمیر میں پہلے ہی تقریباً 5 لاکھ بھارتی فوجی موجود ہیں جو فوری طور پر وہاں زمینیں خرید سکتے ہیں اور مستقبل میں یہ عمل بڑے پیمانے پر ہوسکتا ہے ۔
بھارتی حکومت پہلے ہی اعلان کرچکی ہے وہ اکتوبر میں کشمیر میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کانفرنس کا انعقاد کرے گی ۔
بھارتی حکومت کے نئے انتظامات کے تحت بھارتی حکومت ہندوؤں کے لیے نئی بستیاں بسا سکتی ہیں جن کے اپنے شاپنگ مال، اسکول اور اسپتال ہوں گے جس کے نتیجے میں کشمیر کی مزید تقسیم کی راہ ہموار ہوگی۔
مقامی پارٹیاں اور کارکن بھارت کے ان عزائم کا پہلے بھی مقابلہ کرتے رہے ہیں اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے ۔ مگر تبدیل ہوتی صورت ِ حال میں کوئی ایک حملہ بھی فرقہ وارانہ فسادات کی آڑ میں کشمیری مسلمانوں پر تباہ کن اثرات مرتب کرسکتا ہے ۔/۹۸۸/ ن