رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان کے ممتاز اہلسنت عالم دین اور تبلیغی جماعت کے رہنما مولانا طارق جمیل سے خطیب بادشاہی مسجد مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے لاہور میں ملاقات کی۔
مولانا طارق جمیل نے اس موقع پرکہا کہ اسلام کا پیغام امن وسلامتی ہے، حضور اکرم ؐنے اپنی امت کیلئے دین اسلام کے بنیادی خدوخال کو واضح کردیا ہے، اللہ کے نبیؐ نے پوری انسانیت کو عزت واحترام میں مساوی قرار دیا ہے، اسلام کی نظر میں تمام لوگ آپس میں بھائی بھائی ہیں، علماء کرام امت میں اتحاد پیدا کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں، اس معاشرے میں علماء کرام کی گرانقدر خدمات کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا جو امن، سلامتی اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے مثالی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔
مولانا طارق جمیل کا کہنا تھا کہ اس وقت امت میں اتحاد کی ضرورت ہے اور معاشرے کے اندر محبت، رواداری اور دوسروں کیساتھ حسن سلوک اور درگزر کی دعوت عام کرنے کی ضرورت ہے، ہمیں انتشار اور اختلافات سے بچنا ہوگا اور اسلام کے صحیح تشخص کو اور حضور کی تعلیمات کو عام کرنا ہوگا اور تمام مسائل کے حل کیلئے امت مسلمہ کو متحد کرنے کی ہر ممکن کوشش کرنا ہوگی۔/۹۸۸/ن