رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت کی جانب سے کیے گئے حالیہ مسلمان مخالف فیصلوں پر بھارتی عوام کا سراپا احتجاج جاری ہے جبکہ ہندوستانی عوام نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ہٹلر قراردیدیا ہے۔
ہندوستانی عوام وزیر اعظم نریندر مودی کو ہٹلر سے تشبیہ دیتے ہوئے احتجاج جاری رکھے ہوئے ہیں۔ احتجاج کے دوران ہندوستانی عوام نے کارٹون پر مبنی پوسٹرز اٹھا رکھے تھے جس پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ہٹلر نے مودی کو اپنے ہاتھوں پر اٹھایا ہوا ہے ۔
روسی میڈیا کے مطابق شہریت کے متنازع بل کے خلاف بھارت میں ہونے والے احتجاج کی یہ تصویر جرمن ٹی وی نے بھی نشر کی ہے ، جس کے بعد کارٹون سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا.
واضح رہے کہ ہندوستان میں شہریت سے متعلق متنازع ، ظالمانہ اور متعصبانہ قانون کے خلاف احتجاج میں مزید شدت آگئی ہے، جبکہ چنئی میں بڑی احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں، نئی دہلی میں کانگریس کے اعلان پر احتجاجی دھرنا بھی دیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق آر ایس ایس کے اہلکار پولیس کی وردیاں پہن کر نہتے مظاہرین کو بربریت اور تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ آر ایس ایس کے اس اقدام سے ہندوستانی پولیس ادارے کو سخت بدنامی کا سامنا ہے۔