رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کرام علامہ رضی جعفر نقوی،علامہ حسن ظفر نقوی،علامہ ناظر عباس تقوی و دیگر نے کراچی ایئرپورٹ کے قریب طیارہ حادثے کی جگہ کا دورہ کیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج ہونے والے افسوسناک طیارہ حادثے پر پوری قوم اور ملک غمزدہ ہے، پوری پاکستانی قوم غم کی حالت میں ہے، ملت جعفر یہ دکھ کی اس گھڑی میں شہید ہونے تمام افراد کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں، قوم کورونا وائرس کی آزمائش سے نکل نہ پائی تھی کہ ملک ایک بار پھر اندوہناک صورتحال سے دوچار اور غم میں ڈوب گیا، ہم ملت جعفر یہ اور تمام پاکستانی قوم سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس سال عید انتہائی سادگی سے منائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ جلد از جلد اس واقعے کی انکوائری کروائے اور اس واقعے میں شہید ہونے والے افراد کے اہل خانہ کو مکمل انصاف فراہم کرے اور اس حادثے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کی زندگی بچانے کے لئے سندھ حکومت تمام وسائل بروئے کار لائے اور سرکاری خرچ پر پرائیوٹ اسپتالوں میں ان زخمیوں کا علاج کیا جائے تاکہ ان افراد کی قیمتی جانیں بچائی جاسکے۔/۹۸۸/ن