27 June 2020 - 16:01
News ID: 443023
فونت
حجت الاسلام و المسلمین سید صفی حیدر زیدی:
عالم، ادیب اور صحافی مولانا سید حسن عباس فطرت طاب ثراہ کے چالیسویں کے موقع پر حجت الاسلام و المسلمین سید صفی حیدر زیدی صاحب قبلہ کا تعزیتی پیغام ۔

رسا ںیوز ایجنسی کے رپورٹر کی رپورٹ کے مطابق، عالم، ادیب اور صحافی مولانا سید حسن عباس فطرت طاب ثراہ کے چالیسویں کے موقع پر حجت الاسلام و المسلمین سید صفی حیدر زیدی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا: مولانا سید حسن عباس فطرت کی علمی اور ادبی خدمات نسل حاضر و آیندہ کیلئے مشعل را ہ ہے ۔

پیغام کا مکمل متن مندرجہ ذیل ہے:

بسم اللہ الرحمن الرحیم

انا للہ و انا الیہ راجعون

مدرسہ سے تعلیم کے باوجود اپنے دور میں نادرالوجود ادیب و صحافی الحاج مولانا سید حسن عباس فطرت صاحب طاب ثراہ کی رحلت سے نہ فقط اہل خانہ بلکہ پوری دینی، علمی اور ادبی فضا سوگوار ہے۔ انکی وفات ایک بڑا علمی، ادبی اور صحافی خسارہ ہے ۔

مولانا سید حسن عباس فطرت صاحب طاب ثراہ شاید ان نامور اور خدمت گذاراہل علم کے سلسلہ کی آخری کڑی تھے جنھوں نے ہندوستانی مدارس میں ہی پڑھ کر ملک و بیرون میں نمایاں علمی اور ادبی خدمات انجام دیں جو نسل حاضر و آیندہ کے لئے قابل غور اور مشعل را ہ ہے۔

آپ ایک ماہر اہل قلم تھے کثرت سے لکھتے اور ہر موضوع پر لکھتے، عالم ہونے کے باوجود صحافت کے رموز سے واقف بلکہ اس فن کے ماہر تھے آج مختلف موضوعات پر آپ کی تصانیف، تالیفات اور ترجمے موجود ہیں۔

تقریبا نصف صدی سے ملک و بیرون ملک کے اردو زبان جرائد آپ کے مقالات، مضامین اور تجزیات و تنقیدات سے مزین ہوتے آے ہیں، خود پندرہ روزہ تنظیم المکاتب سے ماہنامہ تنطیم المکاتب تک مختلف خصوصی اور غیر خصوصی شماروں میں آپ کے رشحات قلم موجود ہیں۔

آپ نے اس طرح مذہبی صحافت کو فروغ دیا کہ مذہبی صحافت کو لا مذہب صحافت کے درمیان جگہ دلوا دی آپ کے مضامین خواجہ احمد عباس کے دور میں بلیٹزمیں چھپتے تھےجو اس وقت کمیونزم کے نظریہ کا مروج مضبوط و معروف ہفت روزہ تھا۔آپ نے کثرت سے لکھنے کے باوجود کبھی بھی کوی انحرافی تحریر نہیں لکھی کہ جس سے کسی کی دل آزاری ہو یا کسی کے عقیدہ یا عمل پر اثر پڑے۔

جب کہ آج کل زبان و قلم میں ایسی احتیاط کا فقدان ہے، بہت با اخلاق شخصیت تھے ہر ایک سے اخلاق اور بے تکلفی سے ملتے اور حفظ مراتب کا ہمیشہ خیال رکھتے۔ بارگاہ معبود میں دعا ہے کہ آپ پر رحمت نازل فرمائے، مغفرت فرمائے اور پسماندگان و وابستگان خصوصا آپ کے کنبہ کو صبر جمیل و اجر جزیل عطا فرمائے۔ آمین ۔

تمام پسماندگان و وابستگان خصوصا اہل خانہ کی خدمت میں تعزیت عرض ہے۔

شریک غم

سید صفی حیدر زیدی
سکریٹری تنظیم المکاتب لکھنو
27 جون ۲۰۲۰ عیسوی

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬