رسا ںیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے عالمی سطح پر امریکہ کی دہشت گردی اور تسلط پسندانہ پالیسی کی طرف اشارہ کرتے ہوئےکہا ہے کہ امریکہ نے شہید سلیمانی کو قتل کرکے بین الاقوامی حقوق کے بنیادی اصولوں کو نقض کیا ہے۔
سید عباس موسوی نے اسلام کے مایہ نام اور عظيم کمانڈر شہید میجر جنرل سلیمانی کے بارے میں امریکہ کے بعض موجودہ اور سابق حکام کے شرم آور بیانات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے ہمیشہ اپنے جرائم کو چھپانے کے لئے جھوٹ اور بے بنیاد پروپیگنڈوں کا سہارا لیا ہے ۔ امریکہ کے وحشیانہ اور بھیانک جرائم عالمی سطح پر نمایاں ہیں ۔ اقوام متحدہ کے مبصر اور خاص رپورٹر نے بھی میجر جنرل سلیمانی کے قتل کو عالمی قوانین کی صریح اور آشکارا خلاف ورزی قراردیا ہے۔
سید عباس موسوی نے کہا کہ شہید میجر جنرل سلیمانی نے عراق اور شام سے دہشت گردی کے خاتمہ میں اہم اور بنیادی کردار ادا کیا ، اور انھوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکہ کے کھوکھلے بیانات کا پردہ فاش کیا کیونکہ امریکہ خطے میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کی آڑ میں دہشت گردوں کو پیشرفتہ ہتھیار فراہم کررہا تھا اور امریکہ اور اس کے اتحاد خطے میں دہشت گردوں کو زندہ رکھنا چاہتے تھے لیکن شہید میجر جنرل سلیمانی نے عراق اور شام سے دہشت گردوں کا خاتمہ کرکے امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے تمام ناپاک منصوبوں کو خاک میں ملادیا۔
امریکہ اور دینا جانتی ہے کہ شہید سلیمانی آج جنرل سلیمانی سے کہیں زیادہ قوی اور مضبوط ہیں۔ اور آج شہید سلیمانی اور اس کے حامیوں نے خطے سے امریکہ کے خاتمہ اور انخلاء کا عزم کررکھا ہے۔ اور وہ دن دور نہیں جب خطے اور عالمی سطح سے امریکہ کی دہشت گردی کا خاتمہ ہوجائےگا۔/۹۸۸/ن