رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے جنرل سکریٹری حجت الاسلام راجہ ناصر عباس جعفری نے جامع مسجد کشمیریاں لاہور میں آٹھویں تاجدار ولایت حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے یوم ولادت کے موقع پر منعقد جشن رضا (ع) سے خطاب کے دوران کہا: آج امریکہ اپ کے تصور سے بھی کہیں زیادہ کمزور ہوچکا ہے ۔
حجت الاسلام جعفری نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ اگر گلگت بلتستان سے لے کر کراچی تک شیعہ اکٹھے ہوجائیں تو جس طرح اغاز اسلام میں خیبر فتح ہوگیا ہم بھی اج پاکستان کے اس خیبر کو فتح کرسکتے ہیں کہا: پاکستان میں ملت تشیع اُس وقت قدرت مند بنے گی جب بیدار اور سیاسی شعور سے آراستہ ہوجائے گی، اگر آج ہمارا کوئی نمائندہ قومی اسمبلی یا سینٹ میں ہوتا تو شیعیان حیدر کرار (ع) پر ہونے والے مظالم اور ہمارے شہداء کے قاتل طالبان کے ساتھ کئے جانے والے مذاکرات کے فیصلوں پر آواز حق بلند کرتا۔
انہوں نے یہ کہتے ہوئے کہ مہران ایئر بیس پر حملہ ہوا، کامرہ پر حملہ ہوا، اسلام آباد میں پریڈ لائن کی مسجد میں دھماکہ ہوا اور دنیا نے دیکھ لیا کہ کون ملک کو توڑنے کی سازش کر رہا ہے کہا: پوری دنیا اس سے آگاہ ہے کہ شیعیان حیدر کرار نے کبھی مسجد پر حملہ نہیں کیا، دربار پر حملہ نہیں کیا ، بازار پر حملہ نہیں کیا، قومی اثاثوں پر حملہ نہیں کیا، غیر ملکی مہمانوں پر حملہ نہیں کیا۔ لیکن بدقسمتی سے ہمارے ملک کے نااہل حکمران ہمارے بچوں، جوانوں، بزرگوں اور معصوم شہریوں کے قاتلوں، قومی اثاثوں پر حملہ کرنے والوں، شیعہ سنی علمائے کرام کو شہید کرنے والوں اور دنیا میں پاکستان کو بدنام کرنے والوں کو آزاد کرنے کی تیاری کر رہے ہیں، لسٹیں تیار کی جا رہی ہیں۔
ایم ڈبلیوایم پاکستان کے جنرل سکریٹری نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ہم ان کو یہ کام نہیں کرنے دیں گے، اگر کوئٹہ سے رئیسانی کی حکومت گرسکتی ہے تو پنجاب کے رئیسانی کی حکومت بھی گرا سکتے ہیں کہا: یہ ہم کبھی بھی برداشت نہیں کریں گے کہ تم ہمارے قاتلوں کو آزاد کرو، تم معصوم شہریوں کے قاتلوں کو آزاد کرنا چاہتے ہو؟ فوجی جوانوں اور علماء کے قاتلوں کو آزاد کرنا چاہتے ہو، انڈیا کے ایجنٹوں کو آزاد کرنا چاہتے ہو؟ امریکہ و اسرائیل کے ایجنٹوں کو آزاد کرنا چاہتے ہو۔
انہوں نے مزید کہا: پاکستانی طالبان کے بعد آج نیا گروپ پنجابی طالبان وجود میں آگیا ہے، کبھی ملتان سے لوگ اغواء کئے جاتے ہیں، کبھی لاہور سے اغواء کیے جاتے ہیں، اگر گلگت بلتستان سے لے کر کراچی تک شیعہ اکٹھے ہوجائیں تو ہم ہر وہ نظام گرا دیں گے جو قاتلوں اور ملک دشمنوں کا ہے۔ اس وقت شام کا مورچہ فتح ہوچکا ہے، لبنان کا مورچہ فتح ہوچکا ہے اور انشاءاللہ بہت جلد عراق کا مورچہ بھی فتح ہو جائیگا۔
حجت الاسلام جعفری نے کہا : آج امریکہ بہت کمزور ہے، شام میں منتیں کرکے سفارتی حل تلاش کر رہا ہے۔ انشاء اللہ وہ وقت آنے والا ہے جب پوری ملت بیدار ہوگی اور سب کے ہاتھ پرچم عباس (ع) ہوگا۔