رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری حجت الاسلام راجہ ناصر عباس جعفری نے ایم کیو ایم کے مرکزی رہنماء رشید گوڈیل پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا : شجاع خانزادہ اور رشید گوڈیل پر حملے نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ دہشت گرد تکفیری عناصر نے اپنی کارروائیوں کا رخ عوام کی طرف سے پھیر کر شخصیات کی طرف موڑ لیا ہے اور وہ ایک بار پھر ملک کو افراتفری کا شکار بنانا چاہتے ہیں۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری نے بیان کیا : جب تک دہشت گردوں کے سہولت کاروں کے گرد گھیرا تنگ نہیں کیا جاتا تب تک ملک میں حقیقی امن کا قیام محض خواب ہے۔ نیشنل ایکشن پلان اور دہشت گردوی کے خلاف جاری آپریشن میں جن قوتوں کے مفادات کو زچ پہنچی ہے آج وہی قوتیں ملک دشمن سرگرمیوں میں کھل کر مصروف ہیں۔
انہوں نے وضاحت کی : اس آپریشن کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے ہر اس شخص کو جو طالبانی فکر کا حامی ہے اسے قانون و انصاف کے کٹہڑے میں لانے کی ضرورت ہے تاکہ ملک دشمن عناصر کو وطن عزیز کے خلاف کسی سازش کو عملی شکل دینے کا موقع نہ مل سکے۔
حجت الاسلام ناصر عباس نے بیان کیا : ملک کی معروف سیاسی و مذہبی شخصیات کو مکمل تحفظ فراہم کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔ حکومت دہشت گردی کے خلاف آپریشن کے ساتھ ساتھ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرے۔