رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے رہنما ضیف اللہ الشامی نے اپنے ایک انٹرویو میں بیان کیا ہے : دشمن کا یمن کے دار الحکومت صنعا پر حملے کا منصوبہ ناکام ہو گیا ہے ۔
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا : اس سلسلے میں دشمن کی طرف سے ان کے ذرائع ابلاغ کا پروپیگنڈہ نفسیاتی جنگ کا حصہ ہے۔
ضیف الشامی نے تاکید کرتے ہوئے بیان کیا : دشمن کی طرف سے ہو رہے اس پروپیگنڈے کا مقصد بعض مراکز میں موجود یمن کے فوجیوں اور عوامی تحریک انصاراللہ کے جوانوں پر دباؤ ڈالنا اور صنعا اور مرکزی و شمالی صوبوں میں سعودی عرب کے پٹھو گروہوں کو اکسانا ہے۔
یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے رہنما نے وضاحت کرتے ہوئے کہا : اگر اس طرح کے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش کی گئی تو پوری ہوشیاری کے ساتھ اس کا مقابلہ کیا جائے گا اور پٹھو گروہوں کے خلاف اسی طرح آپریشن کیا جائے گا جس طرح صوبہ ذمار میں واقع ارحب، الرضمہ اور عتمہ کے علاقوں میں کیا گیا۔
واضح رہے کہ ضیف اللہ الشامی کا اشارہ ذمار سمیت یمن کے بعض صوبوں میں الاصلاح نامی تکفیری پارٹی سے وابستہ گروہوں کی شکست اور ناکامیوں کی جانب تھا۔
الاصلاح پارٹی کو یمن پر سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کی حمایت حاصل ہے ۔