رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، چھتیس برس قبل آج ہی کے دن یعنی چار نومبر انیس سو اناسی کو امام خمینی رحمۃ اللہ کے پیرو مسلم طلبا نے تہران میں واقع امریکا کے سفارتخانے پر جو اسلامی انقلاب کے خلاف سازشوں کا گڑھ بن گیا تھا، قبضہ کرلیا تھا ، اس تاریخ کو ھرسال پورے ایران میں سامراج مخالف عالمی دن کے نام سے منعقد کیا جاتا ہے اور پورے ایران کے طلباء عالمی سامراجیت کے خلاف ریلیاں نکالتے ہیں ۔
عالمی سامراج کے خلاف جدوجہد کا قومی دن دراصل ملت ایران کی یکجہتی اور طاقت و عظمت کی علامت بن کر سامنے آیا ہے۔
اس دن ملت ایران اپنے انقلاب کے حقیقی مقصد یعنی استقلال، آزادی، اسلامی جمہوریہ اور سامراج کی بیخ کنی کرنے کی ضرورت پر تاکید کرتی ہے۔ چنانچہ آج ایک بار پھر ایرانی عوام اسی مناسبت سے ریلیوں میں شرکت کرکے ظلم و جور اور طاغوتی طاقتوں کے خلاف اپنے عزم و ارادے کا اظہار کرے گی۔ تیرہ آبان مطابق چارنومبر کی مناسبت سے ایران کے سات سو ستر سے زائد شہروں اور قصبوں میں مظاہرے کئے جائیں گے۔
تیرہ آبان مطابق چار نومبر کی تاریخ دراصل تین اہم روداوں کو اپنے اندر سموئے ہوئے ہے: 1964 میں امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی ترکی جلاوطنی، 1978 میں اسکول کے معصوم بچوں کا شاہی فوج کے ہاتھوں قتل عام اور1979 میں تہران میں واقع امریکا کے جاسوسی کے اڈے پر انقلابی طلبا کا قبضہ۔
اسی بنا پر اس دن کو ایران میں عالمی سامراج کے خلاف قومی دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ اس دن کی اہمیت کو بیان کرتے ہوئے فرماتے ہیں کہ میں پورے یقین کے ساتھ یہ بات کہہ رہا ہوں کہ اسلام نے عالمی طاقتوں کا غرور خاک میں ملادیا ہے۔