رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سیدعلی خامنہ ای نے حجت الاسلام سید ابراہیم رئیسی کو حضرت امام علی رضاعلیہ السلام کے حرم مطہر کے امور کا متولی مقرر کیا ۔
آپ نے اپنے تحریر کردہ حکم میں کہا: اب جبکہ جناب حجت الاسلام واعظ طبسی رحمت اللہ علیہ، امام علی بن موسی الرضا علیہ آلاف التحیہ والثنا کی مبارک و منور بارگاہ میں برسوں تک مخلصانہ کوششوں اور کامیاب خدمت انجام دینے کے بعد دارباقی کی جانب کوچ کرگئے ہیں اور اسی بارگاہ میں انہیں سپردخاک کردیا گیا ہے، آپ کو جو کہ خود اسی پر برکت دیار کے ہی رہنے والے ، وہیں پروان چڑھے ہیں ، آپ میں نیکوکاری اور امانتداری پائی جاتی ہے اور بڑے بڑے اداروں اور امور میں آپ کی انتظامی صلاحیتیں اور تجربات بھی ثابت ہیں تو آپ کو اس مقدس اور نورانی بارگاہ کا متولی مقررکرتا ہوں ۔
رہبرانقلاب اسلامی نے لکھا: آستانہ قدس رضوی میں خدمت ایک بڑا معنوی اعزاز اور اس آفتاب عالم تاب کی روحانیت و معنویت سے استفادے اور ولایت و امامت کے اس مہر منور کی بارگاہ میں قربت حاصل کرنے کا بہترین موقع ہوتاہے لہذا آپ بھی اس بے مثال موقع کو غنیمت سمجھئے اور اپنی ساری سعی و کوشش اس بارگاہ کی خدمت میں صرف کیجئے اور بحمد اللہ آپ کے پاس جو معنوی سرمایہ ہے اس میں اضافہ کیجئے ۔
آپ نے تاکید کی: اس مقدس بارگاہ کے زائرین کی خدمت خاص طور پر محتاجوں اور ضرورتمندوں کی خدمت کو اپنے پروگراموں میں سرفہرست رکھئے نیز آستانہ قدس رضوی عظیم علمی اور ثقافتی صلاحیتوں سے سرشار ہے جو ایران اور عالم اسلام کی عمومی فضا اور ماحول پر اپنا اثرمرتب کرسکتی ہیں اس لئے علمی اور ثقافتی شخصیات کے تعاون سے قرآنی تعلیمات اور مکتب اہل بیت علیھم السلام کے معارف کی ترویج میں ان غیرمعمولی صلاحیتوں اور توانائیوں سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کیا جانا چاہئے ۔
واضح رہے کہ خراسان کے صوبوں میں ولی فقیہ کے نمائندے اور امام رضاعلیہ السلام کے حرم کے امور کےمتولی آیت اللہ عباس واعظ طبسی کا جمعے کو انتقال ہوگیا ۔