رسا نیوز ایجنسی کی المیادین ٹی وی سے رپورٹ کے مطابق، یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے چیئرمین نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے نام ایک مراسلے میں یمن میں جنگ بند کرانے کے لئے ایک قرارداد منظور کرنے کی درخواست کی ہے۔
یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے چیئرمین صالح الصماد نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے نام اپنے مراسلے میں یمن میں جنگ رکوانے اور سعودی عرب کی جانب سے یمن کا محاصرہ ختم کرانے کے لئے ایک قرارداد کی منظوری کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔
صالح الصماد نے یمن کے دارالحکومت صنعا میں مجلس عزاء پر بمباری اور آٹھ سو سے زائد افراد کے شہید و زخمی ہونے کے واقعے کو ہولناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یمن پر جاری جارحیت کے سلسلے میں عالمی برادری کی خاموشی اور اقوام متحدہ کی جانب سے کوئی فیصلہ نہ کرنا حیرت انگیز ہے جو اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کی ذمہ داریوں کے سراسر منافی ہے۔
انھوں نے تاکید کے ساتھ کہا کہ صنعا میں جرائم کے ارتکاب کے بارے میں سعودی عرب کا اعتراف اور جارح سعودی عرب اور اس کے اتحادی ملکوں کی جانب سے ایک دوسرے پر الزامات کا سلسلہ، جنگ یمن میں جارح فریق کی شکست کا نتیجہ ہے۔
الصماد نے یمن میں سعودی عرب کے جرائم کے بارے میں غیر جانبدارانہ تحقیقات کے لئے بین الاقوامی کمیٹی کی تشکیل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ گذشتہ انّیس ماہ میں سعودی عرب نے یمن کے مختلف علاقوں میں بے تحاشا جرائم کا ارتکاب کیا ہے ۔/۹۸۸/ن۹۴۰