رسا نیوز ایجنسی کی العالم سے رپورٹ کے مطابق، موصل کو آزاد کرانے کے لئے عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی کی جانب سے ہدایات جاری کئے جانے کے بعد عراق کی سیکورٹی فورسز نے عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی اور پیشمرگہ فورس کی حمایت و تعاون سے موصل کے مختلف علاقوں میں داعشی دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملے اور عراقی فضائیہ نے بمباری کی ہے۔
عراق کی رضاکار فورسز نے موصل کے جنوب میں داعش دہشت گرد گروہ کے مورچوں کو اپنے وسیع حملے کا نشانہ بنایا ہے۔ عراق کی انسداد دہشت گردی فورس کے کمانڈر عبدالغنی الاسدی نے موصل کے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ داعشی کمانڈر، اپنے گھرانوں کے ساتھ شام کے علاقے الرقہ کی طرف فرار ہو رہے ہیں۔
واضح رہے کہ موصل، عراق میں داعشی دہشت گردوں کا آخری گڑھ ہے، جہاں سے ان دہشت گردوں کا صفایا کرنے کے لئے بغداد کی حکومت کے فیصلے پر عمل کئے جانے میں عراق کو ترکی اور سعودی عرب کی جانب سے کھڑی کی جانے والی رکاوٹوں اور خلاف ورزیوں کا سامنا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ موصل کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرانے کے لئے تین طرف سے کارروائی شروع کی گئی ہے جہاں اس دہشت گرد گروہ کے ٹھکانوں پر تابڑتوڑ حملے کئے جا رہے ہیں۔ موصولہ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورسز نے مختلف علاقوں میں پیش قدمی شروع کر دی ہے۔/۹۸۸/ن۹۴۰