رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پارا چنار شہر کے مرکز میں واقع کرم بازار کی نور مارکیٹ میں امام بارگاہ کے دروازے کے قریب دھماکے کے نتیجے میں ایک خاتون اور 2 بچوں سمیت 17 افراد شہید جبکہ 55 سے زائد افراد زخمی ہیں جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ زیادہ تر زخمیوں کی حالت تشویشناک بیان کی جا رہی ہے۔ رکن قومی اسمبلی ساجد طوری کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں 11 افراد شہید اور کم ازکم 100 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے زیادہ تر کی حالت تشویشناک ہے جبکہ علاقے میں فائرنگ کی آوازیں بھی سنائی دے رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دھماکہ خیز مواد ایک گاڑی میں رکھا گیا تھا جو امام بارگاہ کے زنانہ گیٹ کے قریب آ کر رکی اور پھر اس میں دھماکہ ہو گیا جس کے باعث قریبی عمارتوں، دکانوں اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ پاک فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے (آئی ایس پی آر) کے مطابق زخمیوں کی ہسپتالوں میں جلد منتقلی کیلئے ہیلی کاپٹر روانہ کر دئیے گئے ہیں جو دھماکے کی جگہ سے زخمیوں کو نکالنے اور شدید زخمیوں کو دیگر شہروں کے ہسپتالوں میں منتقل کرنے کا کام کریں گے۔ اس کے علاوہ پاک فوج کے دستے بھی موقع پر پہنچ چکے ہیں جنہوں نے علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق یہ خودکش دھماکہ تھا تاہم سرکاری ذرائع سے تاحال تصدیق نہیں ہو سکی۔
دھماکہ عین اس وقت ہوا جب لوگوں کی بڑی تعداد بازار میں مصروف تھی۔ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنائی گئی۔ زخمیوں کو ایجنسی ہیڈ کوارٹر اسپتال پارا چنار منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ اسپتال حکام نے اب تک 10 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ہے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ اسپتال انتظامیہ کی اپیل پر لوگ جوق در جوق آکر خون کے عطیات جمع کرائے جارہے ہیں جب کہ پاک فوج کےہیلی کاپٹرز بھی طبی امداد کے لیے پاراچنار روانہ ہوگئے ہیں۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز اور لیویز نے علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا ہے، جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکٹھے کرلیے گئے ہیں اس کے علاوہ علاقے میں سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکا خیز مواد ایک کار میں رکھا گیا تھا تاہم پولیٹیکل انتظامیہ اور سکیورٹی فورسز کی جانب سے دھماکے کی نوعیت کی تصدیق نہیں کی گئی۔ وزیر اعظم نواز شریف نے پارا چنار دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت اور متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کیا ہے،وزیراعظم نے مقامی انتظامیہ کو پارا چنار دھماکےکےمتاثرین کی ہر ممکن امداد کی ہدایت جاری کی ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کا نیٹ ورک توڑ دیا گیا ہے، ملک سے دہشت گردی کا ہر قیمت پر خاتمہ کریں گے۔ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے بھی پارا چنار دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔/۹۸۸/ ن۹۴۰