
رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان سنی تحریک جمعہ 31 مارچ کو سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کیخلاف ملک گیر یوم تحفظ ناموسِ رسالتؐ منائے گی اور خطبات جمعہ کے موقع پر ملک بھر کی لاکھوں مساجد میں بھرپور صدائے احتجاج بلند کرتے ہوئے مذمتی قرار دادیں پیش کی جائیں گی، جبکہ کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے، ریلیاں اور کانفرنسیں بھی منعقد کی جائیں گی،
ان خیالات کا اظہار سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے مرکز اہلسنّت سے جاری اپنے بیان میں کیا۔
ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ گستاخ بلاگرز پوری امت مسلمہ کے مجرم ہیں، اسلام دشمن قوتوں کے پروپیگنڈے کا جواب دینے کیلئے عالم اسلام مشترکہ حکمت عملی اپنائے، ناموسِ رسالتؐ کا تحفظ مسلمانوں کا اوّلین فریضہ ہے، حکومت کی غفلت کی وجہ سے گستاخ بلاگرز ملک سے فرار ہونے میں کامیاب ہوئے، حکومت قانون ناموس رسالتؐ پر عمل درآمد کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، فارن فنڈڈ این جی اوز کے پُراسرار معاملات کی چھان بین کرکے غیر ملکی ایجنڈے پر کام کرنے والی ملک اور اسلام دشمن این جی اوز پر پابندی لگائی جائے، اہل حق ناموس رسالتؐ کے تحفظ کیلئے متحد ہیں، سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد پھیلانے والوں کو قانونی طور پر انجام تک پہنچانے کیلئے آخری حد تک جائیں گے۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰