رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مختار امامی نے کہا ہے کہ 6 اگست کو اسلام آباد میں شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی کی برسی کا اجتماع ملک دشمن قوتوں کے خلاف محب وطن طاقتوں کا عظیم الشان مظاہرہ ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شہید قائد نے اخوت اور بھائی چارے کے فروغ کو اپنی زندگی کا مشن بنا رکھا تھا، شہید قائد نے جنرل ضیاء جیسے ڈکٹیٹر کو بھی اپنے عزم اور اصولی موقف کے راہ کی رکاوٹ نہیں بننے دیا، وہ باطل قوتوں کے سامنے جرات و استقامت کا پہاڑ بنے رہے، شہید قائد علامہ عارف حسینی کی 29 ویں برسی پر ہم نے اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ ان کے مشن کو ادھورا نہیں چھوڑا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت لاتعداد داخلی و خارجی بحرانوں کی لپیٹ میں ہے، پانامہ کیس پر عدالت عظمی کے منصفانہ فیصلے نے قوم کو اعصاب شکن کیفیت سے نجات دلائی، شہید قائد کی برسی میں کرپٹ عناصر کے خلاف مشترکہ جدوجہد کے عزم کا اعلان ہوگا۔
حجت الاسلام امامی کا کہنا تھا کہ اس ملک کو لٹیروں کی جاگیر نہیں بننے دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی، کرپشن، مہنگائی، نا انصافی اور بدامنی سے نجات حاصل کرنے کے لئے پوری قوم کو ان طاقتوں کے خلاف آواز بلند کرنے کی ضرورت ہے جو بیرونی ڈکٹیشن پر چلتے ہیں، امریکہ اور آل سعود کی وطن عزیز کے معاملات میں مداخلت پاکستان کی خودمختاری کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے، حکمرانوں کی منافقانہ پالیسیوں نے پوری قوم کو وقار کو تباہ کر رکھا ہے، پاکستان کی سالمیت و بقاء اور استحکام کے لئے ضروری ہے کہ ان بیرونی آقاؤں سے نجات حاصل کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ شہید قائد کی برسی میں قائدین کی طرف سے ایسے لائحہ عمل کا اعلان ہوگا جس کا راستہ ہماری اس منزل کی طرف جاتا ہے جس کا لئے قائد و اقبال نے جدوجہد کی تھی۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰