رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہ ملک و اسلام دشمن قوتوں کے ناپاک عزائم کو اتحاد و یکجہتی کو فروغ دیکر ناکام بنایا جا سکتا ہے، ہمیں اتحاد و یکجہتی کو فروغ اور اسلام دشمن قوتوں کی سازشوں کو شعور سے ناکام بنانا ہوگا، ملک کے استحکام اور ترقی کیلئے یکجا ہوکر جدوجہد کرنا ہوگی، پاکستان کو مستحکم کرنے کیلئے 1947ء والے جذبے سے کام کرنا ہوگا،
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں مرکز اہلسنت پر 13 اگست کی رات کیک کٹنگ و پرچم کشائی اور 14 اگست کو مرکز اہلسنت سے مزار قائد تک وفائے پاکستان ریلی کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے کیا، اس موقع پر مرکزی رابطہ کمیٹی کے ارکان بھی موجود تھے۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا ہے اور آج پاکستان کو پوری دنیا میں اسلام کا قلعہ سمجھا جاتا ہے۔
ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ امن، محبت، بھائی چارگی اور احترام انسانیت کے فلسفے کو عام کرکے نظریہ پاکستان کی مخالف سوچ کو ناکام بنانا ہوگا، ملک دشمن عناصر کے خلاف قانون کو سختی سے عمل درآمد کرنا چاہیے۔
ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ عوام ملک سے کرپشن اور دہشتگردی کا مکمل خاتمہ چاہتے ہیں، استحصالی قوتوں نے ملک کو نقصان پہنچانے کی سازش کی، مگر ملک کے عوام نے ہمیشہ ہر سازش کو اتحاد و یکجہتی سے ناکام بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج دہشتگردی کے خاتمے کیلئے حالت جنگ میں ہے، آپریشن ردالفساد کامیابی کی طرف گامزن ہے، پوری قوم دہشتگردی کے خلاف پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے۔/۹۸۸/ ن۹۴۰