رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ادارہ ندائے حق کے اہتمام سے باب العلم مسجد اوکھلا نئی دہلی میں ایک عظیم الشان ’’احترام ممبر کانفرنس‘‘ منعقد ہوئی۔
جس میں مولانا طٰہٰ کرگلی، مولانا علی عباس خان، مولانا افروز مجتبٰی، مولانا جنان اصغر، مولانا غلام حسین ہلوری، ادارہ ندائے حق کے سربراہ سید عامر نقوی اور ادارے کے جنرل سکریٹری عباس رضا وغیرہ نے خطاب کیا۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا غلام حسین کا کہنا تھا کہ صاحب ممبر کے لئے ضروری ہے کہ وہ دیندار اور مخلص ہو۔ اپنے خطاب میں مولانا افراز مجتبٰی کا کہنا تھا کہ مجلاس کا فائدہ تب ہوگا کہ جب ہم ان مجالس کے ذریعے اپنی اور معاشرے کی اصلاح کریں، خود بانیان مجالس کا مخلص ہونا بھی اشد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مبلغ کے لئے ضروری ہے کہ وہ حالات حاضرہ سے واقف ہوں اور لوگوں کو بھی حالات حاضرہ سے آگاہ کریں۔ لوگوں کی دینی بیداری کے لئے مجالس کا اہتمام ہونا چاہیئے۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا جنان اصغر کا کہنا تھا کہ مبلغ و ذاکر کو چاہئے کہ وہ حاضرین کے مسائل و مشکلات کو پیش نظر مجلس کا عنوان مرتب کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ذاکر مراجع کی عزت و احترام کرنا جانتا ہو نہ کہ انکی تحقیر و تذلیل کرتا ہو۔ انہوں نے کہا کہ لندن، امریکہ اور اسرائیل سے ہمارے ذاکرین کی رہنمائی نہ ہوتی ہو بلکہ اسلام ہی ان کا مخزن و محور ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ذاکر کو عزاداری بطور تحریک سمجھنا چاہیئے۔
مولانا علی عباس خان نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ احترام یعنی جس چیز کا جو تقاضا ہو اسے پورا کیا جائے، اور اس چیز کے تئیں جو ہماری ذمہ داری ہے اسے ادا کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ عزاداری عبادت ہے اور ہر عبادت کے کچھ شرائط ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خطیبوں اور ذاکرین کی ذمہ داری ہے کہ دین شناسی اور دینداری کی جانب لوگوں کو راغب کریں۔ اس دوران ادارے ندائے حق کے سربراہ سید عامر نقوی کا کہنا تھا کہ ’’احترام ممبر کانفرنس‘‘ کا مقصد لوگوں کو محرم الحرام کے احترام و تقدس کے لئے آمادہ کیا جائے اور یہ بتایا جائے کہ ہمارے اوپر ان ایام میں کیا کیا ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔
انہوں نے ساتھ ہی ساتھ میانمار کے مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور کہا کہ ہم برما کی طاغوتی حکومت کے مظالم و بربریت کی مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ معاشرے و ملت کی سربلندی و بیداری و سرخروی کے لئے ممبر کا احترام لازمی امر ہے۔ اس دوران ادارہ ندائے حق کے جنرل سکریٹری عباس رضا نے کانفرنس میں شریک معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ادارے کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ اسلام ناب محمدی (ص) کی تبلیغ و ترویج کی جائے، یہ کانفرنس بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ /۹۸۸/ن۹۴۰