رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سرکٹ ہاؤس سرگودہا میں اتحاد وبین المسلمین کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ندیم محبوب نے علماء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ علماء انبیاء اور پیغمبروں کے وارث ہیں اور دین کے امین ہونے کے ناطے امت مسلمہ کی وحدت، ملی یکجہتی، اتحاد و یگانگت اور اخوت و بھائی چارے کے فروغ میں اپنا نمایاں کردار ادا کریں، انہیں ملک و قوم کا امن اسی طرح عزیز ہے جس طرح محرم الحرام کا مہینہ اپنی ازلی تقدیس و تحریم رکھتا ہے، وہ ملک و قوم کے خلاف سازشوں کو پوری قوم پر آشکارہ کریں، شہری اپنے گرد و پیش پر کڑی نظر رکھیں اور شر پسند عناصر کو بے نقاب کر کے انتظامیہ کے ہاتھ میں ہاتھ دیں، افواہ سازوں اور شرانگیزوں کے خلاف سکیورٹی اداروں کے ہراول دستے کا کردار ادا کریں۔ اجلاس میں کنوینئر صوبائی اتحاد بین ا لمسلمین کمیٹی اور سربراہ پاکستان علماء کونسل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی، صاحبزادہ محمد رمضان سیالوی، علامہ محمد یونس، مولانا رشید ترابی، حافظ محمد امجد اور ڈویژن بھر کے علماء، زعماء، ذاکرین، اکابرین، ڈپٹی کمشنرز، ڈی پی اوز بھی موجود تھے۔ اجلاس کے شرکاء نے عہد کیا کہ وہ جاری ضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری کریں گے۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰