‫‫کیٹیگری‬ :
25 September 2017 - 13:10
News ID: 430099
فونت
آغا سید حسن الموسوی:
بڈگام کشمیر میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے آغا سید حسن نے کہا کہ ماہ محرم الحرام عالم انسانیت کو امام عالی مقام کے کربلائی مشن اور معرکہ کربلا کے فکر و پیغام کی طرف متوجہ کرتا ہے جہاں راہ حق کے ان مسافروں نے اپنی بے پناہ مزاحمت اور استقامت سے عزیمت کی ایسی تاریخ رقم کی جس کی مثال نہ دنیا پہلے پیش کرسکی تھی اور نہ رہتی دنیا تک پیش کرسکے گی۔
آغا سید حسن الموسوی

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،  جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا سید حسن موسوی نے محرم کے آغاز پر اپنے پیغام میں نواسۂ رسول حضرت امام حسین (ع) اور ان کے ہم مشن جانبازوں کی عظیم شہادتوں کو عالم بشریت کا سرمایہ قرار دیا۔ انہوں نے سوگواران شہدائے کربلا کو ہدیہ تعزیت پیش کی۔

مرکزی امام باڑہ بڈگام میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے آغا سید حسن نے کہا کہ ماہ محرم الحرام عالم انسانیت کو امام عالی مقام کے کربلائی مشن اور معرکہ کربلا کے فکر و پیغام کی طرف متوجہ کرتا ہے جہاں راہ حق کے ان مسافروں نے اپنی بے پناہ مزاحمت اور استقامت سے عزیمت کی ایسی تاریخ رقم کی جس کی مثال نہ دنیا پہلے پیش کرسکی تھی اور نہ رہتی دنیا تک پیش کرسکے گی۔

آغا سید حسن نے کہا کہ اسلام کی بقاء دائمی کے لئے امام حسین (ع) کا اقدام ناگزیر بن چکا تھا اور اگر امام عالیمقام یزید کے اسلام اور انسانیت دشمن عزائم کے خلاف مزاحم نہ ہوتے تو کرۂ ارض پر اسلام اور شریعت اسلامی اپنی حقیقی شکل میں موجود نہ ہوتی۔ ملت اسلامیہ کیلئے خلافت اور ملوکیت میں تفریق کرنا انتہائی مشکل بلکہ ناممکن ہوتا۔ اس طرح امام عالیمقام نے دین و ملت پر ایسا احسان فرمایا جس کو قیامت تک فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

آغا سید حسن نے کہا کہ معرکہ کربلا کے اسباب و علت کے تناظر میں ماہ محرم الحرام ظلم و باطل کے خاتمے اور دین و شریعت کی بالا دستی کیلئے تجدید عہد کا مہینہ ہے، بالخصوص ایسے حالات میں جب شرعی معاملات میں حکومتی مداخلت کے رحجانات میں اضافہ ہورہا ہے۔

آغا سید حسن نے اسلامیان جموں و کشمیر سے ماہ محرم الحرام کے دوران اخوت اسلامی کا بھرپور مظاہرہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے مفاد خصوصی رکھنے والے عناصر کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے مسلمانان کشمیر سے اپیل کی کہ وہ محرم جلوسوں میں شرکت کرکے اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرنے کے ساتھ ساتھ اتحاد ملی کی دشمن قوتوں کو واضح پیغام دے۔

اس موقعہ پر آغا سید حسن نے دنیا کی مظلوم ترین اقلیت روہنگیائی مسلمانوں کی بدترین نسل کشی اور قتل و غارت کے واقعات پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مظلومین کے ساتھ یکجہتی اور ظالموں سے اظہار نفرت کے اس علامتی مہینے میں عزداری کی مجالس اور جلوسوں میں مظلومین جہاں بالخصوص مظلومین میانمار کی سلامتی اور نجات کیلئے خصوصی دعائیں کی جائے۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬