رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ترجمان راجہ امجد علی نے کہا ہے کہ ملت جعفریہ کو حب الوطنی اور امن پسندی کی سزا دی جا رہی ہے، سید ناصر شیرازی ایک قومی سیاسی مذہبی جماعت کے اہم رہنما ہیں، اگر ایسی شخصیات کو تحفظ دینے میں قانون نافذ کرنیوالے ادارے ناکام ہیں تو عام عوام کا اللہ ہی حافظ ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں پنجاب کے مرکزی سیکرٹریٹ شادمان آفس میں ناصر شیرازی کے اغواء کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سید ناصر شیرازی کے اغوا اور عدم بازیابی پر گہری تشویش کا اظہارکیا گیا۔
اجلاس میں ملک گیر دھرنوں وزیر اعلی ہاؤس کے گھیراو سمیت مختلف آپشنز پر غور کیا گیا، 25 نومبر کو لاہور میں آل پاکستان شیعہ پارٹیز کانفرنس بلانے اور پوری قومی تنظیموں سے مل کر تحریک چلانے پر غور کیا گیا۔ حتمی فیصلہ 25 نومبر کو آل شیعہ پارٹیز کانفرنس میں کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا ہم اچھی طرح جانتے ہیں کہ اس ایجنڈے کے پیچھے بین القوامی قوتیں ملوث ہیں، ہم مملکت خداداد پاکستان کو کسی بھی عرب ریاست کی کالونی نہیں بننے دینگے، پاکستان کی سالمیت کو خطرہ امریکہ اور ان کے اتحادیوں سے ہے، سید ناصر شیرازی اس مادر وطن کا باوفا بیٹا ہے، وہ ہمیشہ ملک دشمنوں کیخلاف سینہ سپر رہے، ان کو اسی جرم کی پاداش میں عرب ممالک اور انڈیا کے کاسہ لیسی کرنیوالے حکمران جماعت نے اغوا کیا ہے۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰